کراچی :سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے آئینی ترمیم کے لیے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں جو بلیک میلنگ ہے۔شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی والے آئینی ترمیم کے لیے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں جو بلیک میلنگ ہے۔
ان کامزید کہنا تھا کہ وہ اگر ملک میں آگ لگانے کی سازش میں شامل نہیں اور بے قصور ہیں تو رہا ہو جائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی پہلے عوام کے سامنے اپنی غلطیوں پر معافی مانگیں، اس کے بعد اگر حکومت انہیں رہا کرتی ہے تو وہ حکومت جانے اور یہ جانیں۔پارلیمنٹیرینز کا کام ہے کہ آئین میں ترامیم یا قانون سازی کریں۔ ہم لوگوں کی بہتری کیلیے ریفارمز چاہتے ہیں،لیکن پی پی چاہتی ہے تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق سے آئینی ترامیم کی جائیں۔ پی پی آئین کی خالق جماعت ہے۔ بھٹو نے 73 کے آئین کے لیے اتفاق رائے پیدا کیا اور صدر زرداری نے 18 ویں ترمیم کے لیے مشاورت اور اتفاق رائے پیدا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت یہ مان رہی ہے کہ نمبرز پورے ہونگے تو ہی آئینی ترامیم ہوں گی، لیکن پی ٹی آئی کے دور میں تو بندوق کے زور پر سب کچھ ہوتا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایکسائز نے نمبر پلیٹس کا آکشن کیا، اس سے 67 کروڑ روپے جمع ہوئے، بارہ اکتوبر کو ایک اور آکشن کیا جائے گا، اس کے پیسے بھی سیلاب متاثرین کے لیے خرچ ہوں گے، پاکستان کی تاریخ کا پہلا آن لائن آکشن بھی شروع کیا جا رہا ہے، سوک سینٹر میں بھی رش کم ہوتا جارہا ہے، عوام کی لیے جتنے بھی سہولیات ہیں وہ انہیں گھر پر ملنی چاہئیں۔
تبصرے بند ہیں.