لاہور: وزیرا علی پنجاب مریم نواز نے بڑا فیصلہ کیا ہے کہ ہر شہر میں پی ایچ اے بنے گااور روایتی میلے بحال ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ساہیوال ڈویژن کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ اس میں بڑا فیصلہ کیاگیا کہ ہر شہر میں پی ایچ اے بنے گااور روایتی میلے بحال ہوں گے۔
وزیر اعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ خرابیاں دور کررہے ہیں، ہر شعبے میں تیزی سے بہتری آرہی ہے، حلف دیتی ہوں آج تک کوئی بندہ سفارش پر نہیں لگایا، پہلی مرتبہ پرائس کنٹرو ل کیلئے باقاعدہ نیا ڈیپارٹمنٹ بنا رہے ہیں، مہنگائی پہلی مرتبہ نیچے آئی ہے،یہ خود بخو د نہیں ہوا،اس کے پس منظر میں ہماری کاوشیں ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ گندم کی خریداری نہ کرنا غیر مقبول فیصلہ سمجھا گیا لیکن آٹے اورروٹی کی قیمت نیچے آگئی،گندم کی قیمت بڑھنے سے کاشتکار کو فائدہ نہیں ہوتا لیکن عوام کو روٹی مہنگی ملتی تھی،عوامی پذیرائی نہیں چاہتی لیکن ایسے فیصلے کررہی ہوں جس سے عوام پر کم از کم بوجھ پڑے۔
مریم نواز نے کہا کہ ایڈمنسٹریشن صبح 6، 7 بجے سے رات گئے تک فیلڈ میں ہوتی ہے،کسان کارڈ کیلئے 9 لاکھ درخواستیں آئیں،چند دنوں میں کارڈ ایکٹو ہوگا اور ڈیڑھ لاکھ روپے تک قرض ملے گا، آڑھتی کسان کو بلیک میل کرتا تھا،اس عذاب سے کسانوں کی جان چھوٹ گئی ہے، کاشتکاروں کو مشورے دینے کیلئے زرعی گرایجویٹ انٹرن شپ پروگرام شروع کررہے ہیں ۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھرپروگرام میں گھروں کی تعداد بڑھائیں گے،پانچ لاکھ سے زیادہ گھر دیں گے،محض ملکیتی کاغذات اورشناختی کارڈ پر ہاؤسنگ قرض فراہم کرنے کی پہلی اوربڑی سکیم لارہے ہیں، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی ماہانہ قسط 14ہزا ر روپے سے بڑھانے سے روک دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری کارڈ میں پرائیویٹ ہسپتال اورسرجن شامل کیے ہیں، ہمت کارڈ پر ہر چار ماہ بعد 15ہزار روپے ملیں گے،بیواؤں اور غریب اقلیتی بھائیوں کیلئے مینارٹی کارڈ بھی ایشو کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ گلی محلوں میں 10،10سال سے پڑی گندگی اٹھا رہے ہیں، پولیس افسران کو عوام کی سہولت کیلئے مساجد میں جانے کی ہدایت کی ہے۔
ساہیوال ڈویژن کے ارکان اسمبلی نے وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کی، ارکان اسمبلی نے عوامی فلاحی منصوبے لانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے ساہیوال میں کارڈیالوجی بلاک جلد فعال کرنے، میڈیکل کالج کی فیکلٹی پوری کرنے اور ہر شہر ڈولفن فورس قائم کرنے کی ہدایت کی جبکہ بابا فرید گنج شکرؒ کے مزار کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش جلد مکمل کرنے کا بھی حکم دیا۔
تبصرے بند ہیں.