جبران الیاس کا ریاست مخالف بیانیہ، رؤف حسن کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات سامنے آگئے

52

اسلام آباد:جبران الیاس کا ریاست مخالف بیانیہ، رؤف حسن کے ساتھ  واٹس ایپ پیغامات سامنے آگئے۔

ذرائع کے مطابق جبران الیاس   بیرونِ ملک سے پی ٹی آئی کا ریاست مخالف بیانیہ چلا رہا ہے۔ سانحہ 9مئی کا ایک سال مکمل ہونے پر  پروپیگنڈہ پھیلانے کےلئے جبران الیاس نے رؤف حسن کو واٹس ایپ پر ہدایات دیں۔دسمبر 2023سے مئی 2024 تک تصاویر، ویڈیوز اور پیغامات کے ذریعے مختلف بیانیے جبران الیاس نے رؤف حسن کو بھیجے اورپروپیگنڈے کے لئے 9 مئی سے متعلق فتنہ پھیلانے والی ویڈیوز اور ہیش ٹیگز بھی ارسال کئے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 7 مئی کو جبران الیاس نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی شرانگیزی کو سراہتے ہوئے رؤف حسن کو پیغام بھیجا کہ پچھلے 7 روز میں سب نے بہت اچھا کام کیا ہےرپورٹ کے مطابق جبران الیاس نے جھوٹےپروپیگنڈے کے لئے رؤف حسن کو واٹس ایپ پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک گوگل ڈرائیو بنا لی ہے جس میں 9 مئی سے متعلقہ فالس فلیگ آپریشنز کا تمام ڈیٹا محفوظ ہے جواستعمال کیا جا سکتا ہے کیونکہ  9 مئی 2024  قریب آرہا ہے۔

ذرائع کے مطابق  جبران الیاس کی رؤف حسن کے  ساتھ گفتگو سے واضح  ہوتا ہے کہ جبران الیاس کا بیانیہ 9 مئی کی شرپسندی کے گرد گھومتا ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق مذکورہ بالا تمام واٹس ایپ پیغامات سے یہ بات واضح ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر جبران الیاس کی مکمل گرفت ہے جو اس وقت غیر ملکی سرزمین پر بیٹھا ہے۔

تبصرے بند ہیں.