قوم کی عظیم قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا: آرمی چیفc

33

راولپنڈی: چیف آف آرمی  سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی عظیم قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اورکزئی کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا، آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دہشتگردوں کے گٹھ جوڑ کو شکست دینے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سکیورٹی کی مجموعی صورتحال اورانسداد دہشت گردی کارروائیوں پربریفنگ دی گئی اور ضم شدہ اضلاع میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کثیر الجہتی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نےسکیورٹی فورسز کیلئے مقامی آبادی کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن کو برقرار رکھنے میں مقامی آبادی کا مثبت کردار ضروری ہے، قوم کی قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن ہرقیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے افسران اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اُن کے بلند حوصلے اور ہر قسم کے خطرے کے خلاف موثر جواب دینے کی تیاری کو سراہا جبکہ آرمی چیف نے خیبرپختونخوا میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو بھی سراہا۔

آرمی چیف نے فوج کے شہداء،غازیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی عظیم قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا، شہداء کی قربانیاں انتہائی لگن اور جذبے کے ساتھ لڑنے کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج خیبرپختونخوا پولیس اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا کی قربانیاں انتہائی لگن اور قربانی کے جذبے کے ساتھ لڑنے کے ہمارے عزم کو تقویت فراہم کرتی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا کہ جنرل سید عاصم منیر نے وادی تیراہ اور گردونواح میں انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملاقات کی اور جوانوں کے بلند حوصلے اور ہر قسم کے خطرے کے خلاف موثر جواب دینے کی تیاری کو سراہا۔

تبصرے بند ہیں.