رحیم یار خان : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171 کے ضمنی انتخاب کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے مخدوم طاہر رشید الدین نے پاکستان تحریک انصاف کے حسان مصطفیٰ کو شکست دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ نشست چند ہفتے قبل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ایم این اے رئیس ممتاز مصطفیٰ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے مخدوم طاہر رشید الدین ایک لاکھ سولہ ہزار چار سو انتیس ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے حسان مصطفیٰ اٹھاون ہزار دو سو اکیاون ووٹ لے سکے۔
بعدازاں مخدوم طاہر رشید الدین کی رہائش گاہ پر کامیابی کا جشن منایا گیا، تاہم حسان مصطفیٰ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے 71 پولنگ بوتھس سیل کیے اور فارم 45 بھی فراہم نہیں کیے۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے امیدوار نے پولیس پر چچران شریف سے ان کے 14 حمایتیوں کو اٹھانے کا الزام بھی عائد کیا، حسان مصطفیٰ نے کہا کہ مختلف علاقوں میں ان کی خواتین رہنماؤں پر حملے کیے گئے، پولیس نے کئی پولنگ بوتھوں پر انتخابی عمل کو معطل کردیا، حلقے میں کُل 301 پولنگ اسٹیشن تھے۔
تبصرے بند ہیں.