مقامی سطح پر تیار کردہ 25 زبانوں کو سمجھنے اور جواب دینے والا چیٹ بوٹ روبوٹ ” نور پاکستان "رہنما ئی کے لیے تیار

105

کراچی : دفاعی ہتھیاروں کی نمائش میں پاکستان میں تیار کردہ روبوٹس مندوبین کی رہنمائی کریں گے، نور پاکستان چیٹ بوٹ 25 زبانوں کو سمجھنے اور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

میڈیارپورٹس کے مطابق رواں سال نومبر میں ہونے والی دفاعی ہتھیاروں کی نمائش میں پاکستانی انجینئرنگ جامعات کے تیار کردہ روبوٹس غیرملکی مندوبین کی رہنمائی اور معاونت انجام دیں گے۔

 

مصنوعی ذہانت سے لیس چیٹ بوٹس پراجیکٹ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی اور ضیا الدین یونیورسٹی کا مشترکہ پراجیکٹ ہے جسے نور پاکستان کا نام دیا گیا ہے۔

 

پاکستان کے بڑے اور قومی ایونٹس میں مندوبین کی رہنمائی کے لیے تیار کیے جانے والے روبوٹ نور پاکستان کے پراجیکٹ کی قیادت داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ کی وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر ثمرین کررہی ہیں جبکہ چیٹ بوٹ تیار کرنے والی ٹیم کی رہنمائی ضیا الدین یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈ سافٹ ویئر انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر شیخ محمد نافع کررہے ہیں۔

 

اس بوٹ کو نومبر 2024 میں ہونے والی دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز میں باضابطہ طور پر پیش کیا جائے گا۔ نور پاکستان مصنوعی ذہانت سے لیس ایک دماغ کی طرح کام کرے گا جو ایک سے زائد زبانیں سمجھنے اور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

اسے روبوٹ کی شکل دی جائے گی تاکہ مندوبین کی چلتے پھرتے رہنمائی اور معاونت کرسکے آئیڈیاز نمائش کے لیے 40کے لگ بھگ چلتے پھرتے چیٹ بوٹس تیار کیے جائیں گے جو مندوبین کی 25 مختلف زبانوں میں معاونت کریں گے اور آئیڈیاز کے بارے میں سوالات کا جواب دینے کے ساتھ مخصوص ہال یا اسٹال تک رہنمائی کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.