لاہور : سمندروں اور ساحلوں کی پاسبان پاک بحریہ کو سلام ملک بھر میں یوم بحریہ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
8ستمبر 1965کو پاک بحریہ نے داستان شجاعت رقم کی تھی یہ پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، 1965 کی جنگ میں بری اور فضائی افواج نے دفاع وطن کا فریضہ بھرپور طریقے سے انجام دیا تھا جبکہ یہ دن پاک بحریہ کے نام رہا۔
1965 کو جب رات کی تاریکی میں بھارتی فوج نے پاکستان پر شب خون مارنے کی مذموم کوشش کی تو پاک افواج نے تمام محاذوں پر منہ توڑ جواب دیا، بری اور فضائی محاذوں کے ساتھ ساتھ بحری محاذ پر بھی دشمن کو دھول چٹائی اس کے باعث 4 گنا بڑی بھارتی فوج کو منہ کی کھانا پڑی۔
دوارکا آپریشن پاکستان کی تاریخ کا ایک انمٹ باب اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا ناقابل فراموش کارنامہ ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے بہادر سمندری محافظوں کی عظیم قربانیوں اور بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان بحریہ کے تمام اراکین کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاک بحریہ کی مستقل مزاجی ان کی فرض شناسی اوروطن سے محبت کا ثبوت ہے، پاک بحریہ کی خدمات اور قربانیوں کی دل سے قدر کرتے ہیں۔
یوم پاک بحریہ پر اپنے پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 8 ستمبر ہماری دفاعی تاریخ کا ایک اور عظیم الشان و یادگار دن ہے، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے سرفروشوں نے دشمن کی سمندری طاقت کا غرور ملیامیٹ کیا۔ سمندری سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردار کو سنہری حروف سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.