ملک کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، اسرائیلی ریاست کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا : مولانا فضل الرحمان

24

لاہور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم ملک کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اسرائیلی ریاست کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔

 

لاہور میں مینارِ پاکستان پر عالمی مجلس ختم نبوت کے زیراہتمام گولڈن جوبلی ختمِ نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج کا دن پیغام دے رہا ہے کہ پاکستان کے عوام ختم نبوت کا دفاع کرنا جانتے ہیں، آج کا اجتماع پاکستان کی وحدت کی علامت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ 2018 کا الیکشن تسلیم کیا نہ 2024 کے الیکشن کو تسلیم کرتے ہیں۔ حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ کو پیغام ہے کہ تمہاری اسمبلیوں کی کوئی حیثیت نہیں۔ ملک کے فیصلے عوام نے کرنے ہیں، تم سے ملک نہیں سنبھالا جارہا۔ بلوچستان تمہارے ہاتھ سے نکل رہا ہے اور خیبر پختونخوا میں مسلح قوتیں حاوی ہورہی ہیں۔ تم لوگوں نے ملک کا امن و امان تباہ کیا ہوا ہے۔

 

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر تم لوگ تحفظ نہیں دے سکتے تو ہم ٹیکس کیوں دیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں نے کہا اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرلینا چاہیے لیکن ہمارا پیغام ہے کہ اسرئیلی ریاست کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ اسرائیل کے ہاتھوں سے فلسطینیوں کا خون ٹپک رہا ہے ہم کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔

 

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ  فلسطین میں اسرائیلی ظلم وستم جاری ہے۔ حماس کے مجاہدین فلسطین کی آزادی کے لیے آگے بڑھیں۔ یہ عوامی اسمبلی بتا رہی ہے کہ ہم ملک کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ یہ ملک ہمارا ہے اس میں اسلام کی قدروں کو بلند ہونا ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.