اختر مینگل کے استعفے کی وجوہات

27

 

آمریت اور صحت مند جمہوری نظام میں فرق ہے آمریت میں فیصلوں کا اختیار فردِ واحد کے پاس ہوتا ہے جبکہ صحت مند جمہوریت میں عوام اور حکومت کے درمیان منتخب نمائندے پل کی مانند ہوتے ہیں اِس نظام میں عوام خود کو اپنے نمائندوں کی صورت میں حکومتی فیصلوں میں شامل ہونے کی وجہ سے خود کو بااختیار تصور کرتے ہیں کیونکہ معینہ مدت کے بعد انتخابات ہونے کی وجہ سے عوام کو اپنے نمائندوں کے محاسبے کا ملتا ہے ہرکچھ عرصے بعد ووٹوں کے لیے عوام میں جانے کی وجہ سے اکثر منتخب نمائندے عوامی پسند و ناپسند کوملحوظِ خاطر رکھتے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ عوامی اعتماد میں کمی نہ آئے بدقسمتی سے پاکستان میں عوامی مفاد کے بجائے ذاتی مفاد کو ترجیح دینے کی روایت پختہ ہورہی ہے جوصحت مندجمہوریت کی نفی ہے اگر سیاستدان ذاتی کے بجائے عوامی مفاد کا تحفظ کریں توپارلیمانی نظام اور سیاسی جماعتیں نہ صرف مضبوط ہوں بلکہ عوام بھی خود کونظام کا اہم حصہ تصور کریں مگر ایسا نہیں ہو رہا سیاسی جماعتیں اقتدار کو ہی منزل تصور کرتی ہیں یہی سوچ عوامی نمائندوں تک وسیع ہو چکی ہے وہ بھی ذاتی مفاد کے لیے جماعتیں تبدیل کرنے کو معیوب نہیں سمجھتے یہ روایت پاکستان میں ایک صحت مند پارلیمانی نظام مضبوط بنانے میں بڑی رکاوٹ ہے۔
اختر مینگل کا استعفیٰ ایک صحت مند جمہوری نظام کی نہ صرف نفی ہے بلکہ علاقائی سوچ کے سرایت کرنے کی تائید ہے اُن کی جماعت کے پاس 2028 میں قومی اسمبلی کی چار نشستیں تھیں یہ جماعت لاپتہ افراد کے حوالے سے چند شرائط پر مبنی ایک معاہدہ طے پانے پر ابتدامیں پی ٹی آئی حکومت میں شامل ہوئی مگرشرائط پوری نہ کرنے کاگلہ کرتے ہوئے حکومت سے الگ ہوگئی اور جب پی ڈی ایم جیسے کثیر جماعتی اتحاد نے عدمِ اعتماد پیش کی تو یہی اختر مینگل ہر معاملے میں پیش پیش نظر آئے لیکن پی ڈی ایم حکومت کی ناقص کارکردگی سے عوام میں شدید نفرت نے جنم لیااسی بناپر رواں برس آٹھ فروری کے انتخابات میں اِس اتحاد میں شامل کوئی جماعت بھی اِتنی اکثریت حاصل نہ ہو سکی کہ یک و تنہا حکومت تشکیل دے سکے عوام میں پیداہونے والی نفرت کا شکار بی این پی بھی ہوئی اور اب قومی اسمبلی کی ایک نشست تک محدود ہوچکی ہے ا سی لیے عام خیال یہ ہے کہ اختر مینگل زیادہ نشستیں حاصل نہ ملنے پر رنجیدہ و خفا ہے اور مقتدر حلقوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اُنھیں زیادہ حصہ دینے کا کوئی بندوبست کیا جائے۔
بی این پی کوئی بڑی جماعت نہیں مگر عطااللہ مینگل اور اختر مینگل دونوں کے پاس بلوچستان کی وزارتِ اعلیٰ کا منصب رہا ہے عطااللہ مینگل کی حکومت ذوالفقارعلی بھٹو نے 13فروری 1973 کو ختم کر دی البتہ کئی خرابیوں کے باوجود صوبے سے سرداری نظام کے خاتمے کے خلاف قرارداد پیش کرنے اور منظور کرانے نیز صوبے میں اردوزبان کودفتری زبان بنانے جیسے کارناموں کی وجہ سے قومی قیادت آج بھی تحسین کرتی ہے مگر اُن کے ایک بیٹے اسداللہ مینگل کے بارے ایسی اطلاعات گردش کرتی رہیں کہ وہ ملک مخالف سرگرمیوں کا حصہ تھے لیکن اُن کے انجام بارے یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا کچھ حلقوں کا خیال ہے کہ وہ افغانستان چلا گیا جبکہ کچھ کا موقف ہے کہ وہ غیر طبعی موت کا شکار ہوا لیکن بیٹے کی جدائی کے صدمے میں عطااللہ مینگل پھر کبھی لاہور شہر نہ آئے 1997 کے عام انتخابات کے نتیجے میں اختر مینگل وزیرِاعلیٰ منتخب ہوئے مگر سولہ ماہ بعد ہی نواز شریف نے اُنھیں عہدے سے ہٹا دیامگر سوال یہ ہے کہ دوبار صوبے کا سب سے بڑا منصب ملنے کے باوجوداچھی کارکردگی سے عوام کے دل کیوں نہ جیتے جا سکے؟اور یہ کہ دونوں بار ہی کیوں مدت پوری نہ کی جا سکی؟ بظاہر اِس کی وجہ یہی ہو سکتی ہے کہ خدمات کے بجائے مراعات زیادہ پسند ہیں اور اکھڑ طبیعت اقتدارسے محرومی کا باعث بنتی رہی اگر مراعات کے بجائے خدمات اور افہام وتفہیم کی سیاست کی جاتی تو آج بلوچستان میں ایک نشست تک محدودنہ ہونا پڑتا اختر مینگل کو سرفراز بگٹی کے وزیرِ اعلیٰ بنائے جانے پر سخت صدمہ ہے ظاہر ہے پیپلز پارٹی اکثریتی جماعت ہے اور وہ اسی اکثریت کے نتیجے میں وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں جو کہ ایک جمہوری طریقہ کار ہے قومی اسمبلی میں ایک نشست رکھنے والے کو تو پوراصوبہ نہیں سونپا جا سکتا۔
رواں ماہ 3 ستمبرمنگل کو بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے یہ کہہ کر قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا کہ ہماری آواز نہیں سنی جاتی لہٰذا یہاں بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں اُن کے بقول 65ہزار ووٹرز مجھ سے ناراض ہوں گے لیکن اُن سے معافی مانگتا ہوں کہ اُن کے لیے کچھ نہیں کر سکا مگرکیابات اِتنی سادہ ہے جیسے بیان کی جارہی ہے؟میرے خیال میں استعفے کی اصل وجہ یہ نہیں کچھ اورہے بات دراصل یہ ہے کہ گزشتہ ماہ 26 اگست کوصوبے میں بدترین قتل ِ عام کیا گیاجس میں درجنوں ایسے معصوم اور نہتے شہریوں کی جانیں لے لی گئیں جن کا سیاست یا سکیورٹی معاملات سے دورکا بھی تعلق نہ تھا اِس خونریزی کی وجہ سے سکیورٹی اِداروں پرشدید عوامی دباؤ ہے کہ نرمی یا رحمدلی کی پالیسی بالائے طاق رکھ کر امن دشمن عناصر کے خلاف ٹھوس اور نتیجہ خیز کارروائی کاآغازکیا جائے اِس سے قبل کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز ہو اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی نشست کو خیرباد کہہ کر اپنی ناراضی ظاہر کی ہے جس کا مقصد صوبے میں امن دشمن عناصر کے خلاف ہر نوعیت کی کارروائی روکناہے حالانکہ چند روز قبل کوئٹہ میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اختر مینگل کو دعوت دی گئی تو انھوں نے یہ کہہ کر اجلاس میں بیٹھنے سے انکار کردیا کہ میری جماعت کے پاس تو قومی اسمبلی کی ایک ہی نشست ہے اِس لیے میں اسٹیک ہولڈر نہیں زیادہ نشستیں ن لیگ اور پی پی کے پاس ہیں لہٰذا بلوچستان کا مسئلہ وہی جماعتیں حل کریں حالانکہ یہ اجلاس مسائل بتانے کا اچھا موقع تھا اور حکومت سے صوبے کے لوگوں کے لیے وسائل میں اضافے کامطالبہ بھی کیاجا سکتاتھا لیکن اختر مینگل کا جان بوجھ کر اجتناب کرنا ثابت کرتا ہے کہ اُنھیں صوبائی مفادات سے کوئی غرض نہیں بلکہ اُن کے اہداف اور ہیں اور وہ صوبے میں شرپسندوں کے خلاف کسی سرگرمی کے حق میں نہیں استعفیٰ واپس لینے کے لیے اختر مینگل سے حکومت اور اپوزیشن دونوں نے رابطے کیے ہیں جو اِس امر کی علامت ہے کہ قومی قیادت اختر مینگل کو بزرگ اور زیرک سیاستدان سمجھتی ہیں مگر بزرگ اور زیرک سے کون سی قوتیں غلط فیصلے کرارہی ہیں اِس کا کھوج لگانے کی بھی ضرورت ہے لیکن جہاں تک شرپسندوں سے نرمی کی بات ہے حکومت یا سکیورٹی اِداروں کو ایسے کسی بھی مطالبے کومستردکر دینا چاہیے کیونکہ عوامی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔

تبصرے بند ہیں.