جنوبی افریقہ: افریقی ملک گھانا سے تعلق رکھنے والے مشہور سابق فٹبالر جان پینٹسل ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگئے، حادثے میں زخمی ہونے کی وجہ سے ان کو اسپتال منتقل کردیا گیا ۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جان پینٹسل پریمیئر لیگ میں مختلف ٹیموں کی جانب سے 6 سال تک کھیلتے رہے ہیں، وہ ان دنوں گھانا کی قومی ٹیم میں ہیڈ کوچ کے اسسٹنٹ منیجر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جان پینٹسل ٹیم کے ہیڈ کوچ اوٹو ایڈو اور گول کیپنگ کوچ فتاوی کے ساتھ ایک فٹبال کپ کا فائنل دیکھنے کے بعد دارالحکومت آکرا سے واپس جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آگیا، جس میں تینوں زخمی ہوگئے، انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اس حوالے سے گھانا فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اسٹار فٹبالر تارکوا سے واپس آرہے تھے کہ اس دوران ان کی گاڑی سامنے سے آنیوالی ایک پک اپ سے ٹکرانے سے بچنے کی کوشش میں حادثے کا شکار ہوگئی، جس کی وجہ سے گاڑی کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
حادثے کی تصاویر میں کار کو شدید نقصان پہنچا ہوا دیکھا جاسکتا ہے، جس میں گاڑی کا پچھلا پہیہ مکمل طور پر غائب ہے اور بائیں جانب کا دروازہ بھی مکمل طور پر ٹوٹ چکا ہے۔
یاد رہے کہ جان پینٹسل 2016 میں ریٹائرمنٹ لینے کے بعد کوچنگ کی طرف راغب ہوگئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.