خبردار ہوشیار، سمندری طوفان "اسنیٰ” کا چھٹا الرٹ جاری ،کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش

38

کراچی : سمندری طوفان "اسنیٰ” کا   چھٹا الرٹ جاری  کیاگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش  ہے۔ تیز سمندری ہوائیں چل رہی ہیں اوراس وجہ سے درختوں کےگرنے کے واقعات بھی ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کے ساحل سے شمال مشرقی بحیرہ عرب پر آنے والا سمندری طوفان اسنیٰ گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران مغرب کی طرف بڑھا جس کے بعد اس کا کراچی سے فاصلہ تقریباً 120 کلو میٹر جبکہ ٹھٹھہ سے 180 کلو میٹر رہ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی مقام اوڑماڑہ سے طوفان کا فاصلہ 250 کلومیٹر جبکہ گوادر سے 440 کلومیٹر ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں طوفان کے زیر اثر وقفے وقفے سے تیز بارش کا امکان ہے جبکہ بدین، ٹھٹہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان اور دیگر اضلاع میں تیزہواؤں کا امکان ہے، اس دوران 60 سے 70 کلومیٹرفی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں اور 80 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہواؤں کے جھکڑ چل سکتے ہیں۔

سندھ کے اضلاع دادو جبکہ بلوچستان کے اضلاع حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر میں یکم ستمبر تک بارش کا امکان ہے، شدید بارشوں سے مکران کے ساحلی علاقوں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ سمندر بہت زیادہ ناہموار رہنے کا امکان ہے جس کے باعث سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مون سون سسٹم کے تحت ہونے والی بارشوں نے گرمی کی شدت کو دور کیا تو ایسے میں بدلتے موسم نے شہر کے درجہ حرارت کو بھی گرا دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ یعنی اگست میں شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

تبصرے بند ہیں.