بابا بلھے شاہ  کے سالانہ عرس کی تقریبات قصور میں شروع ہو گئیں

37

قصور :معروف صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہ کے  تین روزہ سالانہ عرس کی تقریبات کا آ ج سے آغاز ہو گیا ہے۔

 

قصور میں بابا بلھے شاہ  کےمزار کے غسل کی تقریبات کا آغاز انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ہواہے ۔اس حوا لے سےڈپٹی کمشنر نے 31 اگست کو ضلع بھر میں مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، جس کا  باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

 

غسل کی تقریب میں سب سے پہلے دربار کے اندرونی اور بیرونی حصے پر گلاب کی پتیوں اور عطر کا چھڑکاؤ کیا  گیا۔چار دیواری کو خصوصی پانی اور مزار مبارک کو 200 من عرق گلاب سے غسل دیا گیا۔

 

دربار کی فضا میں درود و سلام اور نعتیہ کلام گونجتے رہے۔شرکاء نے دربار کے غسل کے دوران اپنے اپنے انداز میں عقیدت کا اظہار کیا اور دعائیں مانگیں۔اس  تقریب میں  حکومتی شخصیات، علمائے کرام، مشائخ عظام اور زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ہے۔

 

عرس کےموقع پر  دربار میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےہیں۔ یہ  تین روزہ پروگرام ایک اہم موقع ہے جو ملک بھر سے بابا بلھے شاہ کے عقیدت مندوں اور مداحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔سالانہ عرس کے موقع پر قابل احترام شاعر کی زندگی اور تعلیمات کا جشن منایاجاتا ہے۔

 

بابا بلھے شاہ صوفی ادب میں اپنی گہری روحانی بصیرت اور شراکت کے لیے جانے جاتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.