کراچی:کراچی میں ٹریفک سگنلز کے لئے 36 کروڑ 58 لاکھ روپے منظور کرلیے، 10 مقامات پر نئے سگنلز لگائے جائیں گے۔حکومت سندھ نے اس حوالے سے منظوری دے دی۔
کراچی ڈولپمنٹ اتھارٹی ٹریفک سگنل کا منصوبہ مکمل کرائے گی ،دستاویزات کے مطابق 10 مقامات پر نئے سگنلز لگائے جائیں گے اور 19 مقامات پر سگنلز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
کراچی میں 29 مقامات پر سگنل کی تنصیب پر 7 کروڑ 64 لاکھ 74 ہزار روپے خرچ کئے جائیں گے، سول ورک پر 17 کروڑ 14 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے جب کہ کنٹرول پر 6 کروڑ 83 لاکھ روپے اور اسٹاف ٹریننگ پر 4 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ 20 سگنلز کے لیے انٹرنیٹ کنیکشن پر 91 لاکھ 26 ہزار روپے رکھے گئے ہیں، کنٹیجنسی پر 50 لاکھ روپے اور سندھ ریونیو بورڈ کے ٹیکس کے لیے ایک کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل، یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ 2 کروڑ سے زیادہ آبادی اور 70 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ گاڑیوں والے شہر میں کل 154 ٹریفک سگنلز نصب ہیں لیکن ان میں سے صرف 93 ہی ہزاروں کلومیٹر پر پھیلے اس کے روڈ نیٹ ورک پر کام کر رہے ہیں۔
ان فعال سگنلز میں سے 60، مجموعی تعداد کا 65 فیصد، ایسے علاقوں میں ہیں جو کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں جبکہ سی بی سی کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق یہ علاوہ صرف 361 کلومیٹر کے مجموعی روڈ نیٹ ورک پر محیط ہے۔
تبصرے بند ہیں.