ممبئی :بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ بلا مقابلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ ان کے منتخب ہونے کے بعد چیمپئنز ٹرافی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔شائقین کرکٹ کو چیمپئنز ٹرافی کا انتظار ہے۔ شیڈول کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی آئندہ سال پاکستان میں ہونا طے ہے لیکن انڈیا کی جانب سے اسے پاکستان کے باہر کسی دوسرے ملک میں کرائے جانے کی کوششوں کی بات کی جاتی رہی ہے۔
جے شاہ کےسربراہ بننے کے بعد چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں کہ کیا چیمیئنز ٹرافی اب متحدہ عرب امارات میں ہو گی یا پاکستان میں ہی ہو گی؟۔ جے شاہ کے آئی سی سی چیرمین بننے کے بعد کرکٹ مداحوں اور خاص طور سے پاکستانی کرکٹ مداحوں کو یہ خدشہ لاحق ہے کہ کہیں یہ ٹورنامنٹ اب پاکستان سے باہر منعقد کروانے کی بات پھر سے زور نہ پکڑ لے۔
جے شاہ کے منتخب ہونے کے بعد اب تو اس حوالے سے شکوک وشبہات نے مزید جنم لے لیا ہے اور کرکٹ لورز کے اس حوالے سے خدشات ہیں۔
اس کے لیے انڈیا اور پاکستان میں جاری سیاسی کشیدگی کا حوالہ دیا جاتا ہے کہ اس کی وجہ سے انڈین ٹیم پاکستان کے سفر سے گریز کرتی رہی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سیریز ایک زمانے سے بند ہے جبکہ ان کا مقابلہ عام طور پر آئی سی سی ٹورنامنٹ میں ہوتا رہا ہے۔ البتہ پاکستان نے گذشتہ سال ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے انڈیا کا دورہ کیا تھا۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین اقربا پروری کے ٹویٹس شیئر کررہے ہیں اور مختلف آرا پیش کی جارہی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.