بھارت کا بین الاقوامی کرکٹ پرقبضہ ،جے شاہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے چیئرمین منتخب

19

دبئی: بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل   کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جے شاہ بلامقابلہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ نئے چیئرمین کی مدت کا آغاز یکم دسمبر سے ہوگا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے نے گزشتہ ہفتے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ کے  نیا چیئرمین منتخب ہونے کے بعد   سوشل میڈیا پر میمز اور تنقید کا تانتا لگا ہوا ہے اور آئندہ سال پاکستان میں ہونے والی مجوزہ چیمپیئنز ٹرافی، انڈیا میں اقربا پروری اور کرکٹ کے حوالے سے باتیں ہو رہی ہیں۔
جے شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ آئی سی سی ٹیم اور رکن ممالک کے ساتھ دنیا بھر میں کرکٹ کو پھیلانے کے لیے پرعزم ہیں۔جے شاہ آئی سی سی کے ٹاپ پوزیشن پر پہنچنے والے پانچویں انڈین ہیں۔ اس سے پہلے جگموہن ڈالمیا، شرد پوار، این سری نواسن اور ششانک منوہر بھی اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔
جے شاہ اکتوبر  2019 میں جب بی سی سی آئی کے سیکرٹری بنے تھے تو ان کے انتخاب پر کافی تنقید ہوئی تھی اور اس عہدے کے لیے ان کی واحد اہلیت ان کے والد امت شا کو قرار دیا گيا تھا جو کہ انڈیا کے وزیر داخلہ ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کے بعد انڈیا کے دوسرے سب سے طاقتور رہنما مانے جاتے ہیں۔
جے شاہ سنہ 2022 میں دوبارہ اس عہدے پر منتخب ہوئے اور ان کی مدت اگلے سال تک ہے لیکن آئی سی سی کا چارج سنبھالنے کے بعد انھیں بی سی سی آئی کا عہدہ چھوڑنا پڑے گا۔

تبصرے بند ہیں.