رحیم یار خان : سانحہ کچہ ماچھکہ پر پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی میں اہلکاروں پر حملے کا مرکزی ملزم بشیر شر ہلاک کردیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رات گئے جاری پولیس آپریشن میں کچہ ایریا کا خطرناک ڈاکو کیفر کردار کو پہنچا۔ ہلاک ملزم گزشتہ روز پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے کے مرکزی ملزمان میں شامل تھا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انورکاکہنا ہےکہ واقعہ میں ملوث ڈاکوؤں کے قلع قمع کیلئے آپریشن جاری ہے،پولیس اہلکاروں پرحملے میں ملوث تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس کی کارروائی میں ہلاک ڈاکو کے دو ساتھی شدید زخمی ہوئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 11 اہلکار شہید ہوئے تھے۔ ڈاکوؤں نے پولیس کی گاڑیوں پر راکٹ سے حملہ کیا، دونوں پولیس موبائل بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق ڈاکوؤں کے حملے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ قافلے میں موجود متعدد پولیس اہلکار لاپتہ بھی ہوگئے۔
تبصرے بند ہیں.