حیدرآباد: سندھ کے شہر حیدر آباد میں 29 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد ملک بھر میں رواں سال کے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہو گئی۔
کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو انوارالحق کے مطابق بچی منیزہ زبیر میں وائرس کے شبہ پر سیمپل اسلام آباد روانہ کیئے گئے تھے، ڈاکٹر کے مطابق کمسن بچی کی رپورٹ موصول ہوگئی ہے متاثرہ بچی لیاقت کالونی کی رہائشی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ حیدر آباد اور کراچی کے اضلاع میں پولیو وائرس کئی ماہ سے موجود ہے۔
دوسری جانب وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ پولیو کا کہیں بھی ہونا ہر بچے کے لیے خطرہ ہے، صوبوں کی مشاورت سے پولیو کا پھیلاؤ روکنے کے لیے جامع روڈ میپ پر عمل ہو رہا ہے۔
عائشہ رضا کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیو سے متاثرہ اضلاع میں ستمبر میں انسدادِ پولیو مہم چلائی جائے گی۔
تبصرے بند ہیں.