اسلام آباد: قوم آج 77واں یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منا رہی ہے کہ تحریک پاکستان کے جذبے کے تحت کام کرتے ہوئے ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔
یوم آزادی پر توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا۔ توپوں کی سلامی کے دوران فضا تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھی۔ ملک بھر نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جبکہ جشن آزادی پر مزار قائد اور مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔
پرچم کشائی کی ایسی تقریب ملک بھر میں صوبائی ‘ ڈویژنل ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز کی سطح پر بھی منعقد ہوں گی۔جشن آزادی کے موقع پر سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو سرسبز پرچموں اور برقی قمقموں سے روشن کیا گیا، ملک کے تمام شہروں میں سڑکوں پر پرچم، بیجز، سٹکرزاور یوم آزادی کے حوالے سے کپڑوں کے سٹالز لگائے گئے ہیں۔
مزید براں صدر مملکت اور وزیراعظم کی یوم آزادی پر پاکستان قوم کو مبارکباد پیش کی۔صدر زرداری نے کہا کہ یوم آزادی حق خودارادیت کیلئے مسلمانو ں کی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔ تحریک پاکستان کے رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم تحریک پاکستان کے ۔ گمنا م ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کئے ۔پاکستان کی غیور وبہادر قوم کے عزم اور اتحاد کا جذبہ ہمیشہ غالب رہا ۔پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عزم غیر متزلزل ہے۔
تبصرے بند ہیں.