لاہور: لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کیخلاف درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی اور کیس فائل قائمقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے پاس بھجوانے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کے خلاف شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس سلطان تنویر احمد نے ریمارکس دیے کہ موجودہ درخواست سپریم کورٹ کے فیصلے کی تشریح سے متعلق ہے اور انتہائی اہم ہے، میں لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر دستیاب نہیں ہوں۔جسٹس سلطان تنویر احمد نے کہا کہ آج ہی کیلئے کیس کسی دوسری عدالت میں لگانے کیلئے قائم مقام چیف جسٹس کو بھجوا رہا ہوں۔
درخواست میں چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی وزیر اعظم، اپوزیشن لیڈر، سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن کو بھی فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم کرکے اس کا اطلاق ماضی سے کیا گیا ہے، کسی بھی قانون کا اطلاق ماضی سے نہیں کیا جاسکتا۔ الیکشن ایکٹ میں ترامیم سے سپریم کورٹ کی نشستوں کے فیصلے کو بے اثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے. درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔
تبصرے بند ہیں.