جڑواں شہروں میں رات سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، نشیبی علاقے زیر آب، رین ایمرجنسی نافذ

11

اسلام آباد:  جڑواں شہروں میں رات سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث راولپنڈی کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا، انتظامیہ کی جانب سے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

 

جڑواں شہروں میں مون سون کے طاقتور سپیل کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے اور مختلف علاقوں میں گلیاں محلے تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں، جس کے بعد انتظامیہ نے متعلقہ اداروں اور آبادیوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور پر 65 ملی میٹر ، گولڑہ پر 51 ملی میٹر، پی بوکڑہ 110 ملی میٹر بارش  ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح کچہری کے علاقے میں 94 ملی میٹر بارش  ہوئی۔موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں پر 10 فٹ اور گوالمنڈی پر 9.5 فٹ  تک بلند ہوئی جس کے بعد  گوالمنڈی پر پری الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں بھی  داخل ہوگیا۔ کئی مقامات پر گھروں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ راولپنڈی کے شالے ویلیج، ٹینچ بھاٹہ، پیپلز کالونی میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں جب کہ اہل علاقہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

اُدھر دریائے سواں کنارے شارون کالونی اور کینٹ جان کالونی گھروں میں 3، 3 فٹ پانی آگیا، جس سے شہریوں کا کروڑوں روپے مالیت کا گھریلو قیمتی سامان تباہ ہوگیا۔ نشیبی علاقوں کے مکینوں نے عارضی نقل مکانی شروع کردی ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف کا کہنا ہے کہ نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا میں بارش تیز ہو رہی ہے۔ اس حوالے سے واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے اور رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ نکاسی آب کے لیے ہیوی مشینری و عملہ نشیبی علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نالہ لئی کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، تاہم ابھی نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور ہم کسی بھی قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

تبصرے بند ہیں.