پشاور : وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا پور کہتے ہیں کہ 9 مئی کو ایک منصوبے کے تحت ہمارے خلاف سازش کی گئی۔ہم اس معاملے پر معافی مانگنے کے لیے بھی تیارہیں مگر ہماری غلطی تو ثابت کی جائے ۔ہم 9مئی کے واقعات کے ذمہ دار نہیں ،ہم سے اس معاملے کی معافی کون مانگے گا ؟
وزیراعلی خیبر پختو نخوا کا بانی چیئر مین پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد کہنا تھا کہ عمران خان کو ملکی حالات پر شدید تشوویش ہے۔ علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ عوام صوابی جلسے میں بھر پور شرکت کریں گے ، حقیقی آزادی ،قانون کی بالادستی کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔
خیال رہے آج بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل وکیل ظہیر عباس چودھری عدالت پیش نہ ہو سکے تاہم بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل عدالت میں پیش ہوئے۔بشریٰٰ بی بی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباس چودھری مصروفیت کے باعث دستیاب نہیں، ظہیر عباس چودھری دستیاب ہوں گے تو تفتیشی افسر سے جرح کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.