بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ایک حالیہ حملے میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کے لواحقین مودی پر برس پڑے ہیں۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ نریندر مودی اپنے سیاسی فائدے کیلئے مقبوضہ علاقے میں مزید فوجی بھیج رہے ہیں۔ حال ہی میں ریاست آندھرا پردیش کا رہائشی ساناپالا جگدیشور راو ؤان پانچ بھارتی فوجیوں میں سے ایک تھا جو جموں خطے کے ضلع ڈوڈہ میں ایک حالیہ حملے میں مارے گئے۔ راؤ کے بھائی وگنیشور راؤ نے اسکی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”ہمارے فوجیوں کو تنازع والے علاقے میں قتل کیلئے کیوں بھیجا جا رہا ہے“۔ آنجہانی فوجی کے ایک چچا نے کہا کہ جگدیشو کی موت نے نہ صرف اسکے خاندان بلکہ پورے گاؤں کو شدید دکھ واذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔
مقبوضہ جموں وکشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے بھی ایک انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ نریندر مودی نے پلوامہ حملہ اپنے سیاسی فائدے کیلئے کرایا تھا۔ فروری 2019 میں ہونے والے اس حملے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کے ساٹھ کے لگ بھگ اہلکار ہلاک ہو ئے تھے۔
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع پونچھ اور راجوری میں حالیہ عرصے کے دوران بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات اب جموں میں بھی پھیل گئے ہیں۔ راجوری اور پونچھ کے اضلاع پیر پنجال سلسلہ کوہ کے دامن میں واقع ہیں اور یہ دونوں اضلاع کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ہیں۔ فوج اور کشمیر پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے چار اہلکار دم توڑ گئے ہیں۔جموں میں لگ بھگ ڈیڑھ سال کے دوران مختلف کارروائیوں میں 48 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ایک ہفتے کے دوران عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے بھارتی فوج کو پہنچنے والے نقصان کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔
1947 سے پہلے برصغیر کے نقشے پر پونچھ کا جو علاقہ موجود تھا اس کا ایک حصہ کشمیر پر پہلی جنگ کے نتیجے میں پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے پاس چلا گیا تھا۔اس علاقے میں اکتوبر 2021 سے لے کر اب تک عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر ایک درجن سے زائد بڑے حملے کیے ہیں جن میں کئی افسروں سمیت 40 کے قریب فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔ لگ بھگ ڈیڑھ سال کے دوران جموں میں مختلف کارروائیوں کے دوران 48 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں جموں کے ضلع ڈوڈہ میں کم از کم چار بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر جہاں انڈین سوشل میڈیا پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے وہیں مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کو خطے میں بڑھتے تشدد پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے اسے بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر جہاں مرنے والوں فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کے پیغامات ہیں وہیں وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور وزیر دفاع سے سکیورٹی صورتحال سے متعلق سوالات بھی کیے جا رہے ہیں۔ قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور ایک کروڑ سے زائد افراد دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید ہیں۔ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن اورپکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ وادی میں خوراک اور ادویات کی قلت بھی برقرار ہے۔ بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم وبربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ہزاروں کشمیریوں سمیت مقبوضہ وادی کی سیاسی قیادت کو بھی جیلوں میں بند کر رکھا ہے۔وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات تاحال معطل ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتظامیہ کی طرف سے کشمیری رہنماوں پرکالے قوانین لاگوکرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق وزرائے اعلیٰ مفتی محبوبہ، عمرعبداللہ کے بعد اب ڈیڑھ درجن سے زائد اورکشمیری رہنماؤں پربھی پی ایس اے لاگو کیا گیا ہے۔
بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہ سکے بلکہ حیریت انگیز امر ہے کہ جوں جوں ان مظالم میں اضافہ ہوتا چلا گیا کشمیریوں کا جذبہ آزادی اتنا ہی پروان چڑھتا چلا گیا۔ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کے لئے ہر حربہ آزما لیا مگر اس میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی۔ پورے مقبوضہ کشمیر میں جا بجا بے گناہ کشمیریوں کے قبرستان دکھائی دیتے ہیں مگر لاکھوں قربانیاں دینے کے باوجود کشمیری آج بھی اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب بھارتی فوج بے گناہ کشمیریوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال اور نوجوانوں کو گرفتار کر کے شہید نہ کرتی ہو۔ موجودہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا مستقل حصہ بنانے اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کے لئے ہر حربہ آزما رہی ہے۔
بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجہ میں اب مقبوضہ کشمیر میں امن و امان عزت و آبرو سمیت کچھ نہیں بچا۔ جہاں ہر وقت جنگ جاری ہو، ظلم و بربریت کی نئی داستانیں رقم ہو رہی ہوں وہاں امن و امان کیسے رہ سکتا ہے۔ جو امن و امان کے دشمن ہوتے ہیں وہ عزت و آبرو کے بھی دشمن ہوتے ہیں۔ کسی کی عزت و آبرو پر حملہ کرنا بدترین دہشت گردی ہے مگر کوئی بھی بھارت کے خلاف کارروائی کرنے والا نہیں۔ وہاں زندگی کی رعنائیاں ختم ہو چکی ہیں اور صرف جنگ کا قانون نافذ ہے۔ جہاں 74 سال سے جنگ ہو رہی ہو، قتل و غارت کا ہر وقت بازار گرم ہو وہاں زندگی کی رونقیں کس طرح قائم رہ سکتی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.