اسلام آباد: عدالت نے عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں کی سماعت میں خاور مانیکا کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا اور سماعت ملتوی کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواستوں پرسماعت ہوئی۔بشریٰ بی بی کے وکیل خالد یوسف چوہدری، عثمان ریاض گل عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت پی ٹی آئی وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا گزشتہ روز کا تحریری آرڈر عدالت میں پیش کر دیا، جج نے ریمارکس دیے کہ میں نے فیصلہ پڑھ لیا ہے، 27 جون تک سزا معطلی پر فیصلہ کرنا ہے، اگلے جمعے کی تاریخ رکھ لیتے ہیں، اگر میں زندہ رہا تو 10 دن میں فیصلہ کروں گا، میرا جیل ٹرائل ہے، کل ممکن نہیں، میں نے رات کو خود فیصلہ ڈاؤن لوڈ کیا اور پڑھ لیا۔
اس پر وکیل عثمان گل نے کہا کہ کل کے لیے سماعت رکھ لیں ورنہ ہم آج بھی میسر ہیں آج ہی ہمیں سن لیں، جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ اگر دوسری پارٹی پیش نہ ہوئی تو میں آپ کو سن کر فیصلہ کر دوں گا، میں آرڈر لکھ رہا ہوں نوٹس سے بڑا کچھ ہوگا، اس میں تاریخ دیکھ لیں۔
بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 21 جون تک ملتوی کردی۔
تبصرے بند ہیں.