9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس: بانی پی ٹی آئی، علی نواز اعوان و دیگر کے خلاف مقدمے کی سماعت 17 مئی تک ملتوی

89

اسلام آباد: اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سابق رہنما پی ٹی آئی علی نواز اعوان و دیگر کے خلاف مقدمے کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی۔

 

اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے وکلاء کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد بریت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی۔

 

بانی پی ٹی آئی ،علی نواز اعوان و دیگر کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ کیسزکی سماعت اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی ۔علی نواز اعوان ، عامر مغل و دیگر اپنے وکیل سردار مصروف کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔

 

سردار مصروف ایڈوکیٹنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسد عمر تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ سے ڈسچارج ہوچکے ہیں،ہم دیگر ملزمان کی بریت کی درخواست دائر کردیتے ہیں۔

 

جس پر جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ میری عدالت کا کیس نہیں ہے، فیصلہ  نہیں کرسکتا ،قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد بریت کی درخواست دائر کریں۔ ملزمان میں جب تک نقول تقسیم نہیں ہوتیں اور اس کے بعد چارج فریم نہیں ہوتا تب تک 265 ڈی کی درخواست دائر نہیں کی جاسکتی ۔ایک بار بریت کی درخواست پر فائنڈنگز آگئی تو دوسری بار بریت کی درخواست دائر نہیں کی جاسکے گی۔

 

سردار مصروف ایڈووکیٹ نے کہا کہ تھانہ رمنا میں درج مقدمات میں 40 کے قریب ملزمان ڈسچارج ہوچکے ہیں۔

 

بعد ازاں عدالت نے کیسز کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی۔

 

واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی، رمنا، گولڑہ اور تھانہ سنگجانی میں مقدمات درج ہیں۔

تبصرے بند ہیں.