مکھیوں اور خواتین کا موازنہ کرنا عدنان صدیقی کو مہنگا پڑگیا، فضا علی نے بھی کھری کھری سنادی

82

لاہور: اداکارہ فضا علی نے اداکار عدنان صدیقی کو  کھری کھری سنادی۔ عدنان صدیقی نے کچھ روز قبل خواتین اور مکھیوں کا موازنہ کیا تھا، یہ کہنا ان کو مہنگا پڑگیا  ، اداکارہ فضا علی نے اس  وجہ سے عدنان صدیقی کو آڑے ہاتھوں لیا۔

فضا علی نے اپنے شو کے دوران کہا کہ ماہ رمضان میں ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے مکھیوں اور

خواتین کو ایک جیسا قرار دیا تھا۔ ان کا یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر بہت وائرل بھی ہوا تھا جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن ہماری انڈسٹری کے نامور فنکار خاموش رہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے عدنان صدیقی کی یہ مثال بہت زیادہ بری بھی لگی اور مجھے ان پر بےحد غصہ بھی آیا کہ وہ اتنی مشہور شخصیت ہوتے ہوئے ایسی گھٹیا بات کیسے کرسکتے ہیں۔فضا علی نے کہا کہ میں بھی ایک عورت ہوں اور مجھے بھی عدنان صدیقی کی بات سن کر بہت تکلیف ہوئی ہے، میں عدنان صدیقی سے یہ سوال کرنا چاہتی ہوں کہ کیا آپ اپنی ماں، بہن اور بیٹی کو بھی مکھی کی نظر سے دیکھتے ہیں؟۔

انہوں نے عدنان صدیقی سے پوچھا کہ اگر کوئی مرد آپ کی بہن یا بیٹی کے بارے میں کہے کہ اس کے پیچھے نہیں بھاگو، یہ خود ہی مکھی کی طرح ہمارے پاس واپس آئے گی تو آپ کو کیسا محسوس ہوگا؟۔فضا علی نے کہا کہ عدنان صدیقی صاحب! آپ نے پاکستان سمیت پوری دُنیا کی خواتین کو مایوس اور دکھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عدنان صدیقی نے میزبان ندا یاسر کے شو میں شرکت کی تھی جہاں دوران گفتگو ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور مکھیوں کی مثال ایک جیسی ہے، آپ جتنا خواتین کے پیچھے بھاگیں گے وہ آپ سے اتنا ہی دور بھاگیں گی اور جب انسان ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر خاموشی سے بیٹھ جاتا ہے تو خواتین مکھی کی طرح ہاتھ پر آکر بیٹھ جاتی ہیں۔بعدازاں، عدنان صدیقی نے اپنے بیان پر معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے وہ بات مزاحیہ انداز میں کہی تھی، اس کا مقصد  کسی کی ہتک یا دل آزاری نہیں تھا۔

تبصرے بند ہیں.