اسلام آباد:پی ٹی آئی کے رہنما رؤف حسن کاکہنا ہے کہ کل سائفر کی حقیقت کو تسلیم کیا گیا۔رؤف حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کل سائفر کی حقیقت کو تسلیم کیا گیا، ڈونلڈ لو نے اس مواصلات کے عمل کو کل تسلیم کیا۔ کل ڈونلڈ لو کی جانب سے بہت کچھ کہا گیا اور بہت کچھ نہیں کہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پتہ چلا کہ بانی چیئرمین نے کبھی سائفر سے متعلق جھوٹ نہیں بولا، پی ڈی ایم ون حکومت نے پہلے کہا تھا کہ سائفر کی کوئی حقیقت نہیں جبکہ کل کی سماعت میں ثابت ہوا کہ سائفر حقیقت ہے اور موجود ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ لو نے اس مواصلات کے عمل کو کل تسلیم کیا، جس سازش کی بات کی گئی ہے وہ حقیقت ہے۔
رؤف حسن نے کہا کہ ہمارے پاس نیشنل سکیورٹی کمیٹی میٹنگ کے منٹس موجود ہیں، میٹنگ میں مانا گیا کہ سائفر میں پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کی گئی، میٹنگ میں ڈیمارش کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا اور وہ جاری کیا گیا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی دوسری میٹنگ شہباز شریف کی زیر صدارت ہوئی، دوسری میٹنگ میں بھی سائفر کی حقیقت کو مانا گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سائفر کی تفصیلات اب خفیہ نہیں رہیں، سائفر کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کے دورہ روس پر اعتراض کیا گیا، یہ وہ حقائق ہیں جن کو جھٹلایا نہیں جاسکتا، جوں جوں وقت گزرتا جارہا ہے حقیقت مزید کھل کر سامنے آرہی ہے۔
پاک ایران گیس پائپ لائن کا ذکر کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہا کہ کل کی سماعت میں ایران اور ایرانی پائپ لائن کے حوالے سے بھی سوال کیا گیا، سب جانتے ہیں کہ ایرانی گیس لائن روکنے کےلیے امریکی پریشر ہمیشہ رہتا ہے۔ سماعت میں مانا گیا کہ امریکا نہیں چاہتا کہ ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کا منصوبہ ہو۔
تبصرے بند ہیں.