نیب ریفرنسز: حسن اورحسین نواز کا سرنڈر، ضمانت منظور، وارنٹ گرفتاری منسوخ

103

اسلام آباد:  ایون فیلڈ ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز   میں 7 سال اشتہاری رہنے کے بعد حسین نواز اور حسن نواز نے عدالت کے سامنے سرنڈر کردیا۔احتساب عدالت نے حسن اورحسین نوازکے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔

 

عدالت کے سامنے سرنڈر ہونے پر  حسن اور حسین نواز کے اشتہاری ہونے کا اسٹیٹس ختم کردیا گیا، احتساب عدالت نے حاضری یقینی بنانے کے لیے حسین اور حسن نواز سے شورٹی بانڈز مانگ لئے۔

 

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے دونوں  صاحبزادے حسین نواز اور حسن نواز اپنے خلاف درج کیے گئے مختلف نیب ریفرنسز پر وارنٹ گرفتاری منسوخی کیلئے آج اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کے سامنے سرنڈر کردیا۔ جس کے بعد عدالت نے حسن اورحسین نوازکے وارنٹ گرفتار منسوخ کردیے۔

 

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ایون فیلڈ ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز  کی سماعت کی۔ اس سے قبل  حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح الحسن کے معاون وکیل رانا عرفان عدالت میں پیش ہوئے۔

 

رانا عرفان ایڈوکیٹ کا عدالت میں کہنا تھا کہ کیسز کے سینئر وکیل قاضی مصباح الحسن  11:30 پر عدالت پیش ہوں گے ،ملزمان بھی آج عدالت کے سامنے سرنڈر کریں گے۔

 

جج ناصر جاوید رانا نے استفسار کیا کہ ملزمان آج عدالت میں پیش ہوں گے،  جس پر رانا عرفان ایڈوکیٹ نے کہا کہ جی وہ آج یقیناً 12 بجے تک پیش ہو جائیں گے۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئےحسن اورحسین نوازکیخلاف ایون فیلڈ،فلیگ  شپ اور العزیزیہ نیب ریفرنسز   میں  ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کردیے تھے۔  حسین نواز اور حسن نواز کو  نیب ریفرنسز  ایون فیلڈ،فلیگ  شپ اور العزیزیہ میں  سات سال قبل دونوں  اشتہاری قرار دیاگیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.