بانی پی ٹی آئی،بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر آن لائن حاضری کی ہدایت

114

اسلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی 6 مقدمات اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں دائر درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے دونوں کی آن لائن حاضری لگوانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

 

کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی، پی ٹی آئی کے وکلا سردار مصروف خان، آمنہ علی ایڈووکیٹ اور دیگر عدالت پیش ہوئے۔

 

جج طاہر عباس سپرا نے پولیس کو ہدایت دی کہ جیل حکام سے بات کریں اور بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی کی آن لائن حاضری لگوائیں۔

وکیل سردار مصروف خان نے دلائل دیے کہ آج حاضری لگوا لیں لیکن بحث اگلی سماعت پر کریں گے جس پر جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ اگر آج حاضری ہوئی تو بحث بھی آج کرنی ہوگی۔

 

جس پر سردار مصروف ایڈوکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اڈیالہ جیل میں نو مئی کے مقدمات کی سماعت کے باعث بیرسٹر سلمان صفدر آج پیش نہیں ہوسکتے۔جج طاہر عباس سپرا نے ہدایت کی کہ ملزمان کی حاضری لگوا لیتے ہیں۔باقی معاملہ بعد میں دیکھ لیتے ہیں ۔

 

عدالت نے اس ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری تک کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔

 

یاد رہے کہ  گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی ویڈیو لنک حاضری کا حکم دیا تھااور سماعت 6 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔

تبصرے بند ہیں.