اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔13 کاروائیوں کے دوران 63 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد اور 11 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر دو کارروائیوں میں مسقط اور دبئی جانے والے دو مسافروں سے 1414 نشہ آور گولیاں ،اسلام آباد ایئرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر سے 996 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ راولپنڈی کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 20 گرام ویڈ ،خار بارڈر خیبر سے دو کارروائیوں میں 21 کلو چرس برآمد، جوہر ٹاؤن لاہور میں ملزم سے 7 کلو چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ خرادر کراچی کے قریب دو ملزمان سے 7 کلو چرس اور دالبندین سے 3 کلو چرس، 2 کلو کرسٹل اور 1 کلو ممنوعہ مواد برآمد ہوا ہے۔اسی طرح شفیق موڑ کراچی کے قریب دو ملزمان سے 2 کلو آئس اور 300گرام ویڈ برآمد کر لی گئی ہے۔
اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.