گجرات کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلیاں

100

ملکی سیاست میں ضلع گجرات کا ایک منفرد مقام ہے اِس ضلع کے سپوت صدرِ مملکت، وزیراعظم، وزیر اعلیٰ اور سپیکر جیسے اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اگر یہ کہا جائے کہ یہ ضلع ملکی سیاست کا رُخ تبدیل کرنے پر قادر ہے توبے جانہ ہوگا اِس ضلع کے پاس پانچ نشانِ حیدر بھی ہیں یہ پورے ملک میں انوکھا اعزاز ہے آجکل یہ ضلع ڈرامائی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے ضلع میں کیا رہا ہے آئے روز تبدیل ہوتی سیاسی وابستگیاں دیکھ کر نہ صرف سیاسی لوگ دنگ ہیں بلکہ ووٹر بھی حیران ہیں جس سے بیانیہ بدلنے میں سیاستدانوں کو دقت پیش آ رہی ہے 1983 کے بعد پہلا موقع ہے کہ ضلع گجرات میں انتخابی مُہم جاری ہے لیکن چوہدری پرویز الٰہی سیاسی منظر نامے سے غائب ہیں اسی طرح وزارتِ قانون اور پھر صوبائی نگران وزیرِ اعلٰی کے منصب پر فائز رہنے والا میاں افضل حیات کا خاندان بھی سیاست سے باہر ہے یہ ایسی ڈرامائی تبدیلیاں ہیں جوبہت ہی حیران کُن ہیں لیکن اہلِ گجرات کو پھر بھی یقین ہے کہ ملکی سیاست میں گجرات کا جاندار کردار کم نہیں ہوسکتا۔

گجرات کی سیاست میں ہی نہیں ملکی سطح پربھی ہمیشہ چار عشروں سے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی نمایاں رہے ہیں چوہدری شجاعت حسین تو ناسازی طبع کی وجہ سے انتخابی سیاست سے کنارہ کش ہیں جبکہ چوہدری پرویز الٰہی پابندِ سلاسل ہونے کی بناپر نہ صرف انتخابی میں مُہم کا حصہ نہیں بلکہ اُن کے کاغذاتِ نامزدگی بھی مسترد ہو چکے ہیں اسی لیے انتخابی مُہم کچھ پھیکی سی محسوس ہوتی ہے البتہ چوہدری شجاعت حسین کے دونوں صاحبزادے سیاست میں سرگرم ہیں علاوہ ازیں چوہدری احمد مختار اور میاں مشتاق پگانوالہ کی رحلت کا بھی کچھ اثر ہواہے مگر آئے روز تبدیل ہونے والی سیاسی وابستگیوں نے سیاسی منظر نامہ کافی دلچسپ بنا دیا ہے۔

چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کی عدم موجودگی میں چوہدری وجاہت حسین متحرک ہیں اور گجرات کی سیاست میں آنے والی تبدیلیوں میں اُن کا کلیدی کردار ہے عین اُس وقت جب مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مشاورت جاری تھی چوہدری شجاعت حسین اور میاں نواز شریف کسی حد تک متفق بھی ہو چکے تھے کہ چوہدری وجاہت حسین نے جرات و دلیری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے یہ موقف اپنایا کہ ہم تو صرف اپنی جماعت کے انتخابی نشان ٹریکٹر پر الیکشن میں حصہ لیں گے کیونکہ ہم  نے خدمت و تابعداری میں کوئی کمی نہیں رہنے دی اِسی لیے ہمیں یقین ہے کہ جیت جائیں گے اِس طرح ہمیں اپنی مقبولیت جاننے میں بھی کوئی ابہام نہیں رہے گا جس پر کئی جماعتوں کو حیرانگی بھی ہوئی کہ ایسے اعتماد کا مظاہرہ کم ہی سیاستدان کرتے ہیں کیونکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے اُن کے صاحبزادے چوہدری حسین الٰہی باآسانی ممبر قومی اسمبلی بن جاتے لیکن وقت نے ثابت کردیا ہے کہ چوہدری وجاہت حسین کا فیصلہ درست تھا کیونکہ چوہدری حسین الٰہی اور چوہدری موسیٰ الٰہی نہ صرف پی ڈی ایم کی سولہ ماہ کی حکومتی کارکردگی پر کُھل کر تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں بلکہ مہنگائی کا ذمہ دار کہتے ہیں جس سے اُن کا بیانیہ عوامی ہو گیا ہے اور لوگ اُن کی طرف مائل ہوتے جا رہے ہیں۔

عین ممکن ہے چوہدری وجاہت حسین کو کہا گیا ہوکہ چوہدری موسیٰ الٰہی کو این اے 62 سے دستبردار کرالیں اسی لیے انھوں نے اپنے ایک بیٹے چوہدری حسین الٰہی کو باآسانی ممبر قومی اسمبلی منتخب کرانے کی بجائے جدوجہد اور مقابلہ کرتے ہوئے دونوں نشستیں جیتنے کو ترجیح دی اگر میرایہ اندازہ درست ہے تو نہ صرف اِس ایک فیصلے سے چوہدری وجاہت حسین کو گجرات میں مرکزی حیثیت حاصل ہو گئی ہے بلکہ قوی امکان ہے کہ نہ صرف اُن کے دونوں صاحبزادے چوہدری حسین الٰہی اور چوہدری موسیٰ الٰہی باآسانی ممبران قومی اسمبلی منتخب ہو جائیں بلکہ اُن کے نامزد کیے گئے ممبران صوبائی اسمبلی بھی منتخب ہو جائیں اگر ایسا ہوتا ہے تو چوہدری وجاہت حسین جنھیں گجرات کی سیاست میں تو مرکزی مقام حاصل تھا ہی اب خود بغیر منتخب ہوئے قومی اور صوبائی سیاست میں بھی فیصلہ ساز کا مقام حاصل کر لیں گے اِس طرح گجرات کو ماضی کے دوران ملکی سیاست میں حاصل اہم مقام دوبارہ مل سکتا ہے۔

آٹھ فروری کے انتخابات کی مُہم کا سب سے پہلے آغاز گجرات میں چوہدری وجاہت حسین نے کیا جس میں چوہدری حسین الٰہی مزید تیزی لائے اب صورتحال یہ ہو چکی ہے کہ حلیف نوابزدگان دور دور تک دکھائی نہیں دیتے یہ خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ اُنھیں بھی اپنی متوقع شکست کا ادراک ہو گیا ہے چوہدری موسیٰ الٰہی بھی اپنے حلقے میں اِس حد تک متحرک اور فعال ہوئے کہ ابتدامیںتو ایسا محسوس ہونے لگا کہ گجرات میں صرف مسلم لیگ ق متحرک ہے کیونکہ مسلم لیگ ن  نے ٹکٹ جاری کرنے میں کافی تاخیر کر دی اور کچھ ایسے فیصلے کیے جس سے مقامی سطح پر نقصان اب نوشتہ دیوار ہے سابق وزیرِ مملکت چوہدری جعفر اقبال کو ٹکٹ سے محروم رکھنا ایسا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے جس سے حلقہ این اے 65 کے ساتھ این اے 62 میں بھی نقصان ہو سکتا ہے اِس ایک فیصلہ سے جیت سے کوسوں دور قمر زمان کائرہ کی جیت کے آثار نظر آنے لگے ہیں کیونکہ چوہدری نصیر عباس ایک غیر سیاسی اور غیر متحرک شخصیت ہیں جن کے حلقہ کے ووٹرز سے روابط نہ ہونے کے برابر ہیں ظاہر ہے جماعت چاہے جتنی بھی مضبوط ہو اگر امیدوار عوامی نہیں ہو گا تو اِس کا نقصان کسی طور پورا نہیں کیا جا سکتا حلقہ این اے 65 میں کچھ ایسی ہی صورتحال ہے واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ چوہدری جعفر اقبال کا ٹکٹ چوہدری عابد رضا نے تبدیل کرایا ہے اگر وہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہ کرتے تو نہ صرف ٹکٹ تبدیل نہ ہوتا بلکہ چوہدری جعفر اقبال باآسانی جیت کر جماعت کی پارلیمانی قوت میں اضافہ کرتے لیکن ہٹ دھرمی دو نشستوں کوسیاسی قربان گاہ پر  لے آئی ہے۔

ایک اور ڈرامائی تبدیلی کی بات کریں تو کوٹلہ سے تین بھائی الگ الگ جماعتوں کے ٹکٹ لیکر میدان سیاست میں ہیں کوٹلہ خاندان کے سربراہ سابق صوبائی مشیر چوہدری نعیم رضا مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر پی پی 28 سے امیدوار ہیں جبکہ اُن کے ایک بھائی چوہدری شاہد رضا کے پاس پی ٹی آئی کا ٹکٹ ہے جبکہ تیسرا بھائی مسلم لیگ ن کا ٹکٹ لیکر میدان میں ہے چوہدری وجاہت حسین اور چوہدری نعیم رضا مل کر چوہدری موسیٰ الٰہی کی جیت کے لیے سرگرم ہیں گزشتہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سرائے عالمگیر سے بطور صوبائی امیدوار حصہ لینے والے راجہ اسلم نے دوسری پوزیشن لی اب وہ چوہدری عابد رضا اور مسلم لیگ ن کو خیرباد کہہ کر مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر پی پی 27 سے امیدوار ہیں کیونکہ مسلم لیگ ن نے دیرینہ رفیق ملک حنیف اعوان کو ٹکٹ جاری کر دیا ہے وسیع تعلقات اور صاحبِ ثروت راجہ اسلم کی شمولیت سے یہاں مسلم لیگ ق مضبوط ہوئی ہے جبکہ چوہدری ارشد سابق ایم پی اے نے سیاسی فیصلہ کرنے میں اتنی تاخیر کردی کہ وہ اب تمام جماعتوں کے لیے غیر اہم ہو چکے ہیں سیاسی نبض شناسوں کا کہنا ہے کہ یہاں نہ صرف مقابلہ دلچسپ بلکہ سخت ہو گا گجرات کی سیاست میں آنے والی ڈرامائی تبدیلیوں سے تو ثابت ہوتا ہے کہ یہاں کامیاب ہونے والے ممبران حکومتی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.