دشمن کی جانب سے تمام تر کاوشیں جاری ہیں، نفرت کی آگ ہے جو لگائی گئی ہے اور جس میں اپنوں اور غیروں کو دھکیلا جا رہا ہے۔ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ ہم خود بھی ان سازشوں کا حصہ بن کر نفرتوں کے پیامبر بن رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں سے لیکر افراد تک، ایک دوسرے کے خلاف نفرتوں کی ایسی چیخیں بلند ہوتی ہیں جو روح تک کو زخمی کر جاتی ہیں۔ بجائے دشمن کی سازشوں اور اس کی بھڑکائی ہوئی آگ کو ٹھنڈا کر نے کی کوشش کریں، اس سے قطع نظر اپنی چھوٹی چھوٹی غلطیوں پر دل میں بڑی بڑی نفرتیں سمیٹے بیٹھے ہیں اور جس کا نتیجہ یہ نکل رہا ہے کہ ہم کمزور پڑتے جا رہے ہیں اور دشمن اپنا کام کرتا جا رہا ہے۔
تازہ تریں خبر یہ ہے کہ شمالی وزیرستان میں پنجاب سے آکر کام کرنے والے 6 حجاموں کو قتل کر دیا گیا ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے گائوں موسکی سے 6 غیر مقامی افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتولین کا تعلق پنجاب سے ہے، فائرنگ سے قتل کیے گئے تمام افراد پیشے کے لحاظ سے حجام تھے، جو پنجاب سے یہاں آکر کام کر رہے تھے۔ مقتولین کی میرعلی بازار میں ہیئر کٹنگ کی دکانیں تھیں۔
قارئین کرام ! دشمن اپنا کام پوری تندہی کے ساتھ کئے جا رہا ہے۔ وہ ہمارے لوگوں کو انتہائی بے دردی کے ساتھ خون کی وادیوں کا مسافر بناتا جا رہا ہے، ہمارے گھروں، محلوں اور شہروں میں خوف کا منظر پیش کر رہا ہے اور ہم بجائے ان سازشوں کے آگے بند باندھنے اور ایسی کارروائیوں کو خلاف سینہ سپر ہو کر لڑنے اور نفرتوں اور خون کا بازار گرم کر نے والے ان عنا صر کو انجام تک پہنچانے والے پاک فوج اور قانون نافذ کر نے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہنے کے بجائے دشمن کے ہاتھوں میں کھیلتے ہوئے اپنے ان ہیروز کو خراج تحسین و عقیدت بھی پیش نہیں کرتے۔ وہ جنہوں نے اس راہ میں اپنے لاکھوں جوان شہید کر دئیے اور جو ملک میں امن کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ یہ وہی لوگ ہیں جو سخت موسم کی پروا کئے بغیر، خوشی اور غمی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہماری حفاظت پر مامور ہر محاذ پر لڑ رہے ہوتے ہیں۔ انہی کی کاوشوں کی وجہ سے نفرت کے بیوپاری جہنم واصل ہوتے ہیں۔
گذشتہ دنوں شمالی وزیر ستان میں ہی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں خودکش بمبار سمیت 4 دہشتگرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آپریشن کے دوران فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہے اور دہشتگرد ہائی پروفائل دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دہشت گردی کے ان تمام واقعات کی بیخ کنی کے لئے پاک فوج اور قانون نا فذ کر نے والے ادارے انتہائی مستعدی کے ساتھ ملک دشمن قوتوں کے خلاف لڑ رہے ہیں۔
ملک دشمن قوتوں کااس جنگ میں شمولیت کا اس سے بڑا اور ثبوت کیا ہو سکتا ہے کہ 31دسمبر کو باجوڑ میں پاک افغان سرحد پار کرنے والے 3 دہشتگردوں سے ملنے والا اسلحہ بھی امریکی ساخت کا نکلا۔ دہشت گردوں سے ایم فور کاربائن امریکی ساخت کا اسلحہ بر آمد ہوا جب کہ 29 دسمبر کو بھی میر علی میں دہشت گردوں سے ایم فور کاربائن، اے کے 47 اور گولہ بارود برآمد ہوا تھا۔ میرعلی آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد کمانڈر راہزیب کھورے سمیت 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔ پہلے بھی متعدد بار پاکستان میں دہشتگردی کے حملوں میں غیر ملکی ہتھیار استعمال کیے گئے۔ بلوچ لبریشن آرمی نے فروری 2022 میں نوشکی اور پنجگور میں ایف سی کیمپ پر حملے میں غیرملکی ہتھیار استعمال کیے۔ 4 نومبر کو میانوالی ائیربیس حملے میں دہشتگردوں سے برآمد اسلحہ غیر ملکی ساخت کا تھا۔ جبکہ 12 دسمبر کو ڈی آئی خان درابن حملے میں دہشتگردوں نے نائٹ ویژن گوگلز اور امریکی رائفلز استعمال کی۔ 15دسمبر کو ٹانک میں دہشتگردی کے واقعے میں دہشتگردوں کے پاس جدید امریکی اسلحہ پایا گیا۔ دہشت گردوں نے ایم 16/A2، گرنیڈ، اے کے-47 استعمال کیے۔ اس کے علاوہ 13دسمبر کو افغانستان سے پاکستان آنے والی گاڑی سے پیاز کی بوریوں سے بھی امریکی ہتھیار برآمد کیے۔ اس اسلحے میں جدید امریکی ساختہ ایم فور، امریکی رائفل، گرنیڈ شامل تھے۔
قارئین کرام! یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہم حالت جنگ میں ہیں۔ دشمن بڑی تیزی کے ساتھ اپنا کام کر رہا ہے۔ وہ ہمارے ملک میں آگ و خون کا کھیل بھی کھیل رہا ہے اور ہمیں ہمارے محسنوں کے خلاف بھی بھڑکا رہا ہے۔ وہ ہمارے دلوں میں بھی ایک دوسرے کے خلاف نفرتوں کے بیج بو رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم دشمن کی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے اپنے اداروں کی قربانیوں کو تحسین پیش کریں اور آپسی چھوٹے موٹے اختلافات کو بھلا کر محبتوں کے سفیر بنیں اور دشمن کی ہر کاوش کو ناکام بنا نے کے لئے ڈٹ جائیں۔
تبصرے بند ہیں.