نواز شریف سیاسی بیانیہ تشکیل دینے میں ناکام رہے، چوتھی بار وزیراعظم بننے کا خواب مشکل ہی پورا ہو گا: سینئر صحافی

65

 

راولپنڈی: سینئر صحافی سلیم صافی نے کہا کہ نواز شریف سیاسی بیانیہ تشکیل دینے میں ناکام رہے ، انہیں ایک بار پھر خوشامدیوں نےگھیر لیا ہے،  ایسا ہی رہا تو ان کا چوتھی بار وزیراعظم بننے کا خواب مشکل سے ہی پور اہوگا۔

 

نجی ٹی وی کے پروگرام کے آغاز میں میزبان و سینئر صحافی سلیم صافی نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب نواز شریف کا اقتدار آتا ہے تو ان کا رویہ بالکل بادشاہوں والا ہوجاتا ہے لیکن اس بار اقتدار میں آنے سے پہلے باپ بیٹی کا رویہ بادشاہوں والا ہوگیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر نوازشریف کو چاہیے تھا کہ وہ پارٹی تنظیم پر توجہ دیتے لیکن یہاں واپسی کے بعد وہ اپنے محل میں بیٹھ کر پارٹی رہنماؤں کو وہاں بلا رہے ہیں وہ ابھی تک سیاسی بیانیہ تشکیل دینے میں بھی ناکام رہے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کم سے کم یہ کرسکتے تھے کہ پختونخوا کی ٹکٹوں کی تقسیم پختونخوا جا کر ہی کرتے اور سندھ بلوچستان میں بھی جا کر کرتے تو امیدواروں کو یہ تاثر نہ ملتا کہ وہ غلام ہیں۔ وہ وزیراعظم بننا چاہتے ہیں لیکن ان کی سوچ پنجاب تک ہی محدود ہے۔

 

سلیم صافی نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں الیکشن سر پر ہے اور  نوازشریف سمجھتے ہیں کہ عدلیہ کے کیسز بھی کسی اور نے ختم کرانے ہیں سیاسی بیانیہ بھی کسی اور نے تشکیل دینا ہے اور تحریک انصاف کو بھی کسی اور نے سنبھالنا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کسی اور نے یہ سارے کام کر کے اقتدار ان کی جھولی میں ڈال دینا ہے۔

 

سینئرصحافی نے مزید کہا کہ نواز شریف کے بادشاہانہ رویہ کی وجہ سے تحریک انصاف کو پختونخوا اور پنجاب میں نیا جنم مل رہا ہے اور اگر یہی سب چلتا رہا تو انتخابی مہم شروع ہونے تک وہ عوام کے سامنے جانے کے قابل نہیں رہیں گے ۔ سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ماضی کی طرح نوازشریف کو ایک بار پھر خوش آمدیوں نے گھیر لیا ہے اور اگر ایسا ہی رہا تو ان کا چوتھی بار وزیراعظم بننے کا خواب مشکل سے ہی پور اہوگا۔

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.