اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات اسمگلنگ کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں 11 کاروائیاں کیں، جس کے دوران 44 کلو منشیات اور ایک نائن ایم ایم پستول برآمد کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کے مطابق اسلام آباد کہوٹہ روڈ پر گاڑی سے 18 کلو چرس برآمد، ایک ملزم گرفتار کرلیا گیا ۔
جبکہ کراچی شاہراہِ فیصل پر واقع کوریئر آفس میں پارسل سے 2 کلو 400 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی جو انتہائی مہارت کے ساتھ 6 عدد پینٹوں میں جذب کرکے برطانیہ کیلئے بُک کرائی گئی تھی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسی طرح ملتان میں واقع کوریئر آفس میں کینیڈا سے بھیجے گئے پارسل سے 230 گرام ویڈ برآمد کرلی گئی۔ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بحرین جانیوالے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 1 کلو 174 گرام آئس برآمد کی گئی جبکہ فیصل آباد شانگلہ ہِل روڈ پر موٹرسائیکل سوار دو ملزمان سے 7 کلو 200 گرام چرس برآمد ہوئی۔ فیصل آباد، لاہور روڈ پر موٹر سائیکل سوار سے 2 کلو 400 گرام چرس اور 150 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کوئٹہ سے بھیجے گئے پارسل سے ساڑھے 3 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ سکھر میں واقع سجاد ریسٹورنٹ کے قریب ملزم سے 2 کلو چرس جبکہ حب الائن ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب لاوارث موٹرسائیکل سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔
پشاور رنگ روڈ پر گاڑی سے 3 کلو ہیروئن اور 700 گرام آئس برآمد کرکے ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔ جمرود روڈ پر گاڑی سے ایک کلو آئس اور ایک 9 ایم ایم پستول برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
تمام گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
تبصرے بند ہیں.