محمد یوسف پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

70

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان محمد یوسف کو پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔ محمد یوسف کی پہلی اسائنمنٹ آٹھ سے سترہ دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والا انڈر19 ایشیا کپ اور تیرہ جنوری سے چار فروری تک  سری لنکا میں ہونے والا انڈر 19 ورلڈ کپ ہوگا۔

 

محمد یوسف اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری نبھاچکے ہیں۔ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ  یہ ذمہ داری سونپے جانے پر منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کے شکر گزار ہوں، یہ ذمہ داری باعث اعزاز ہے۔  انڈر19  ایشیا کپ اور انڈر19 ورلڈ کپ میں اپنی ذمہ داری نبھانے کے منتظر ہوں۔

 

انہوں نے کہا کہ دونوں ٹورنامنٹس کھلاڑیوں کے آگے بڑھنے کے لیے اہم ہیں اور امید ہے کہ ہم ان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔

 

پاکستان کی سینئر ٹیم کے ساتھ کام کرچکے ہیں لہذا وہ اپنا تجربہ انڈر19 سیٹ اپ میں بھی بروئے کار لائیں گےتاکہ انہیں ایسا ماحول فراہم کیا جاسکے کہ وہ انٹرنیشنل لیول تک بڑھ سکیں۔

 

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ نوجوان کرکٹرز کی مہارت کا درست استعمال پاکستان کی کرکٹ کے لیے بہت ضروری ہے، لہذا اس بات کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں کہ مستقبل کے اسٹارز کی شناخت ان میں بہتری اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

تبصرے بند ہیں.