ایکس پر فلسطینیوں کے حق میں مشہور نعرہ لکھنے پر پا بندی عائد

50

واشنگٹن: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر فلسطینیوں کے حق میں مشہور نعرہ لکھنے پر پا بندی عائد کر دی۔

 

ایلون مسک نے اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ مشہور فلسطینی نعرہ لکھنے پر اکاؤنٹس معطل کیے جا سکتے ہیں۔

 

ایلون مسک نے کہا کہ ”دریا سے سمندر تک فلسطین آزاد ہو گا“، ان دو جملوں کو لکھنے پر اکاؤنٹ معطل کیے جا سکتے ہیں کیونکہ یہ نسل کشی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ مسک نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’ڈی کالونائزیشن‘، ’دریا سے سمندر تک‘ اور اسی طرح کے بیانات لازمی طور پر نسل کشی کی نشاندہی کرتے ہیں۔

 

پوسٹ میں مزید کہا کہ ایسے بیانات جو انتہائی تشدد کا مطالبہ کرتے ہیں ہماری سروس کی شرائط کے خلاف ہیں اور اس کے نتیجے میں معطلی ہو گی۔

 

 

واضح رہے کہ ’من النہر فی البحر‘ یعنی ”دریا سے سمندر تک “ کا نعرہ فلسطینی اپنی آزادی کے لیے بلند کرتے ہیں جس کا مطلب دریائے اردن کے کنارے سے لے کر بحیرہ روم تک ہے۔ تاہم ان دو مقامات کے درمیان اسرائیلی علاقے ہیں اور اسرائیل کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس نعرے کا مطلب اسرائیل کا خاتمہ ہے۔

 

یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس نے گزشتہ روز ایلون مسک پر ایک پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے یہود دشمنی کا الزام عائد کیا۔ اسی یہود مخالف پوسٹ کی بنا پر ایپل سمیت کئی بڑی کمپنیوں نے ایکس پر اشتہارات نہ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.