ممبئی: بھارت میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل مین بھارت نیوزی لینڈ ٹاکرے سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ پر پچ تبدیل کرنے کا الزام لگ گیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اجازت کے بغیر سیمی فائنل کی پچ کو اپنے سپنرز کو فائدہ پہنچانے کیلئے تبدیل کر دیا۔
برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیمی فائنل وانکھیڑے اسٹیڈیم کی پچ نمبر 7 پر ہونا تھا جس پر ابھی تک ورلڈکپ کا کوئی میچ نہیں کھیلا گیا۔ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کی اجازت کے بغیر پچ نمبر6 پر میچ کرانے کا فیصلہ کیا جس پر پہلے ہی 2 میچ کھیلے جاچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پچ نمبر 6 پر بھارت کا سری لنکا اور انگلینڈ کا جنوبی افریقا سے میچ ہوا تھا جس میں بھارت نے سری لنکن ٹیم کو 55 رنز پر آؤٹ کر کے یک طرفہ میچ اپنے نام کیا تھا۔
برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی اور آئی سی سی کے عہدےداروں کے درمیان واٹس ایپ گروپ میں ایک ایسا پیغام گردش کر رہا ہے جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ پہلے سیمی فائنل میں اپنے سپنرزکو فائدہ پہنچانے کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ نے پچ تبدیل کر دی ہے تاکہ وہ باآسانی فائنل میں چلے جائیں۔
برطانوی ادارے کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ یہ بات اس خدشے کو جنم دیتا ہے کہ فائنل میں پہنچنے کی صورت میں بھارتی بورڈ کی جانب سے نریندرا مودی اسٹیڈیم احمد آباد کی پچ بھی مرضی سے تبدیل کی جاسکتی ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ایونٹس میں پچز گورننگ باڈی کے کنسلٹنٹ اینڈی ایٹکنسن کی نگرانی میں تیار کی جاتی ہیں، جو ہوم بورڈ کے ساتھ پیشگی اتفاق کرتے ہیں کہ ہر گیم کے لیے اسکوائر پر نمبر والی کون سی سٹرپس استعمال کی جائیں گی۔
تبصرے بند ہیں.