صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو ان کے 146ویں یوم پیدائش پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم محسن تھے جنہوں نے ان کے لیے ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا اور بعد میں ان کا یہ خواب حقیقت میں بدل گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقبال ایک عظیم مفکر تھے جنہوں نے اپنی تحریروں اور شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں اتحاد کا جذبہ بسایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنانے کے لیے ہمیں علامہ اقبال کی اسلام اور ان کے فلسفہ خودی پر عمل کرنا ہوگا جو عزت نفس اور انسانی وقار کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔
یوم اقبال پر اپنے پیغام میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں ان کے بنیادی حقوق کا شعور بیدار کیا جس سے مسلمانوں میں اتحاد کا جذبہ پیدا ہوا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ خودی دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے انسانیت کے لیے ایک منفرد تبدیلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقبال نے امن، سیاسی رواداری اور بھائی چارے کا ملک پاکستان کا خواب دیکھا تھا۔
نگران وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علامہ محمد اقبال کے تصور کے مطابق مثبت اور ترقی پسند سوچ کے ساتھ ملک کی خدمت اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں۔
شاعر مشرق وعظیم مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 146 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے،اس موقع کی نسبت سے مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ مزارِ اقبال پر پرُوقار تبدیلی گارڈ کی تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے جبکہ پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
گارڈز کی تعیناتی کے بعد قومی شاعر کے مزار پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان، امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی سویلینز کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
تبصرے بند ہیں.