ن لیگ اور ایم کیو ایم کا اتحاد اس بات کا اعتراف ہے کہ دونوں تنہا پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتیں: مرتضیٰ وہاب

64

کراچی:  پیپلز پارٹی کے رہنما اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ میں انتخابات لڑنے کیلئے ایم کیو ایم اور ن لیگ کا اتحاد کرنا اس بات کا اعتراف ہے کہ وہ دونوں تنہا پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتی ہیں۔

 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ میں پہلی بار ہو گا کہ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم نے سندھ میں الیکشن لڑنے کیلئے اتحاد کیا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نے سندھ میں الیکشن لڑنے کیلئے اس سے پہلے کبھی اتحاد نہیں کیا تھا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کی طاقت ختم ہو گئی ہےاس لئے انہیں سندھ میں الیکشن لڑنے کیلئے اتحاد کی ضرورت پیش آ گئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور ایم کیو ایم اپنے ساتھ دوسروں کو بھی ملادیں تب بھی سندھ کی 130 نشستوں کیلئے ان کے پاس اُمیدوار نہیں ہوں گے۔

 

میئر کراچی نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں سندھ میں کسی اتحادی کی ضرورت نہیں، کراچی میں سب سے مضبوط پارٹی پیپلزپارٹی ہے، ابھی تک کراچی میں کسی سے اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم وفد نے رائے ونڈ میں ن لیگ کے قائد سے ملاقات کی جہاں دونوں جماعتوں کے درمیان الیکشن اتحاد کا فیصلہ کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.