پونے:سری لنکا نے افغانستان کو جیت کیلئے 242 رنز کاٹارگٹ دے دیا ہے۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں سری لنکا نے افغانستان کو جیت کے لیے 242 رن کا ہدف دیا۔بھارتی شہر پونے میں کھیلے جارہے ورلڈکپ کے 30 ویں میچ میں افغانستان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر سری لنکن کپتان کوشل مینڈیس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر پتھم نسانکا اور دیموتھ کرونارتنے نے کیا لیکن یہ اوپننگ جوڑی افغانستان کے بولروں کے سامنے اپنی ٹیم کو زیادہ اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی۔ پانچویں اوور میں دیموتھ کرونارتنے فضل حق فاروقی کی گیند پر 15 رن بناکر پویلین لوٹ گئے اس کے بعد پتھم نسانکا 60 گیندوں پر 46 رن بناکر آؤٹ ہوئے ۔
سری لنکا کی تیسری وکٹ مجیب الرحمان کے حصے میں آئی جب انہوں نے 39 رنز پر کپتان کوشل مینڈیس کو واپسی کی راہ دکھائی اس کے بعد مجیب نے ہی سدیرا سماراوکرما کو صرف 4 رن پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ان کے علاوہ چیریتھ اسالنکا نے 22 اور اینجلیو میتھیوز نے 23 رن کی اننگز کھیلی۔سری لنکا کی ٹیم 49.3 اوور میں 241 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فضل حق فاروقی نے 34 رن دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا کا پانچواں اور افغانستان کا ساتواں نمبر ہے۔
تبصرے بند ہیں.