ایک لاڈلہ جیل میں ڈالا تو دوسرا باہر سے آ گیا، جلسے میں نواز شریف بیانیہ نہیں اپنی سی وی پیش کر رہے تھے: پیپلز پارٹی

88

 

 

کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایک لاڈلے کو جیل میں ڈالا تو دوسرا باہر سے آ گیا ہے،  نواز شریف آج اپنا بیانیہ نہیں بلکہ اپنی سی وی پیش کررہے تھے دیکھتے ہیں قبول ہوتی ہے یا نہیں ہوتی۔

 

نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی پر پیپلز پارٹی انہیں خوش آمدید کہتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے مطابق آج کا شو کامیاب رہا، نواز شریف کا جلسہ کامیاب ہی ہوگا ریاست اور پنجاب کی انتظامیہ نے نواز شریف کی مدد جو کی ہے۔  نواز شریف کو جس طرح ریڈ کارپٹ ویلکم کیا گیا سب کے سامنے ہے، ن لیگ کی قیادت نے آج قانون کی دھجیاں بکھیر دیں۔

 

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو آج الیکشن کی بات کرنی چاہئے تھی لیکن انہوں نے نہیں کی، نواز شریف کویقین ہوتا کہ لوگ ان کو ووٹ دیں گے تو وہ الیکشن کا مطالبہ کرتے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ  نواز شریف پہلے پانچ اشخاص کا بار بار ذکر کر کے کہتے تھے ان سے بدلہ لوں گا، آج کہہ رہے تھے میں نے بدلہ نہیں لینا آپ کے ساتھ چلنا ہے۔

 

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تقریر میں وہی باتیں تھیں جب 2013 کو الیکشن کی شام میں انہوں نے زیادہ مینڈیٹ مانگا تھا، نواز شریف کی غالباً تاج پوشی ہورہی تھی، فیصل کریم نے کہا کہ ایک لاڈلا جیل میں ڈالا تو دوسرا باہر سے آ گیا،  نواز شریف آج بیانیہ نہیں بلکہ اپنی سی وی پیش کررہے تھے دیکھتے ہیں قبول ہوتی ہے یا نہیں ہوتی۔

 

 

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ ہر ادارے کو اپنے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہئے، ووٹرز کی اکثریت نوجوانوں کی ہے اس بار سلیکشن نہیں ہوسکتی.

تبصرے بند ہیں.