لاہور ہائیکورٹ کا گرین بیلٹ میں پارکنگ پر 5 ہزار اورہیلمٹ نہ پہننے پر 2 ہزار جرمانہ کرنے کا حکم 

113

لاہور:  لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ پر قابو پانے کے لیے بڑا حکم دیتے ہوئے لاہورمیں گرین بیلٹ میں پارکنگ کرنے والوں کو پر پانچ ہزار روپے اور ہیلمٹ نہ پہننے والے شہریوں پر  دو ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دے دیا۔

 

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک سے متعلق کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ عدالت نے حکمنامہ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز اور متعلقہ حکام تک پہنچانے کی ہدایت اور اس کی خلاف ورزی کرنے کی اطلاع دینے کے لیے ڈولفن فورس کو موبلائز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

عدالت کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ جو گرین بیلٹس کو پارکنگ کیلئے استعمال کرتے ہیں انہیں 5 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے، عدالت نے اپنے حکم میں سی ٹی او کو بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیا۔

 

عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پی ایچ اے ایسی گاڑیوں پر کلیمپس کے حصول کے لیے اقدامات کرے۔

عدالت نے تحریری حکم میں آلودگی پھیلانے والے بھٹوں کو بند کرنے کا حکم دیا اوربھٹوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے والے افسران کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں۔

 

عدالت کا کہنا ہے کہ یہ حکم صوبے بھر میں نافذ ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.