کراچی :سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کے کرپشن کیسز دوبارہ کھل گئے ، ٹرائل شروع ہوگیا ہے۔ احتساب عدالت نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کیخلاف محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب 76 کروڑ روپے کے کرپشن ریفرنس سے متعلق نیب ترمیم کے تحت دائرہ اختیار چیلنج کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب 76 کروڑ روپے کے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ شرجیل میمن سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔معزز جج نے نیب ترمیم کے تحت عدالت کے دائرہ اختیار چیلنج کرنے سے متعلق درخواست مسترد کردی۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نیب ترامیم سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد درخواست غیر موثر ہوچکی ہے۔ کل سپریم کورٹ کا حکم نامہ ملا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیا جائے گا۔ اب تو نیب ترامیم ختم کردی گئیں ہے، سپریم کورٹ کا حکم نامہ بھی سامنے ہے۔
ریفرنس کا ٹرائل جہاں رکا تھا وہیں سے شروع کیا جائے گا۔ گواہان کو بلاتے ہیں اور ریفرنس کو چلاتے ہیں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان اور ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
تبصرے بند ہیں.