"دل جشن بولے”،کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا آفیشل ترانہ جاری:”سپورٹس ترانے سے زیادہ یہ با لی وڈ کا ایک عام گانا”،کرکٹ شائقین کی بھرپور تنقید

90

نئی دہلی :”دل جشن بولے” کے نام سے کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا آفیشل ترانہ جاری کردیاگیا ہے لیکن کرکٹ شائقین اس گانے پر یہ کہہ کر تنقیدکررہے ہیں کہ یہ سپورٹس ترانے سے زیادہ یہ با لی وڈ کا ایک عام گانا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے آفیشل ترانے کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے۔

 

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر آئی سی سی کی جانب سے اگلے ماہ شروع ہونے والے ورلڈکپ کے آفیشل ترانے کی ویڈیو جاری کی گئی جو تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔’دل جشن بولے‘ کے ٹائٹل سے جاری ترانے کی ویڈیو میں شائقین کے کرکٹ کے جذبے اور جوش کی منظر کشی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ترانے کی دھن بالی وڈ کے مشہور موسیقار پریتم چکرورتی نے تیار کی ہے جبکہ نامور اداکار رنویر سنگھ نے ویڈیو میں پرفارم کیا ہے۔ورلڈکپ 2023 کا ترانہ ون ڈے ایکسپریس نامی چلتی ٹرین میں فلمایا گیا ہے جس میں رنویر سنگھ انٹری دیتے ہیں، جبکہ ٹرین میں موجود شائقین ورلڈکپ میچ کے ٹکٹس ہاتھوں میں لیے بیٹھے ہیں۔

کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ورلڈکپ 2023 بھارت میں کھیلا جائے گا جو 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک جاری رہے گا، بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کے افتتاحی اور فائنل میچ کی میزبانی کرے گا۔ورلڈ کپ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور گزشتہ ایونٹ کی فائنلسٹ نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔
سوشل میڈیا پر ورلڈ کپ 2023 کے ترانے کی ویڈیو جاری ہونے کے بعد کرکٹ شائقین نے بھی ردعمل کا اظہار کیا، ترانے کی ویڈیو دیکھنے کے بعد صرف پاکستانی ہی نہیں بلکہ بھارتی شائقین بھی مایوس دکھائی دیے اور لیجنڈ کرکٹرز کو شامل نہ کرنے کا شکوہ کیا۔

ٹوئٹرصارفین کاکہنا ہے کہ سپورٹس ترانے سے زیادہ یہ بالی وڈ کے ایک عام گانے کی طرح لگ رہا ہے، ویڈیو میں تہوار اور ثقافتی عناصر کی کمی دکھائی دی۔

 

 


تبصرے بند ہیں.