نئے چیف جسٹس سے توقعات

50

کچھ عرصہ سے عدلیہ اور ریاست بظاہر مدمقابل اوراِن میں ٹکراؤ کی کیفیت ہے یہ صورتحال عدالتی وقار کے لیے خطرہ ہے عدالت اگر کسی کی ضمانت منظور اور گرفتار شخص کو رہا کرنے کا حکم صادر کرتی ہے تو اِدارے بڑی دیدہ دلیری سے کسی نئے مقدمے میں نامزد کرنے کے ساتھ ہی گرفتاری ڈال لیتے ہیں ایسا مشاہدہ بھی ہواہے بندے کو اُٹھا لیا جاتا ہے مگر کوئی اِدارہ کئی کئی روز گرفتاری تسلیم ہی نہیں کرتا اگر عدالت استفسار کرے تو بڑے آرام سے معصومانہ انداز میں لا علمی ظاہر کردی جاتی ہے علاوہ ازیں پولیس کے اعلیٰ آفیسران طلبی کے باوجود عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے جو نظامِ عدل کی نہ صرف سپرمیسی متاثر ہونے کا باعث ہے بلکہ اِس طرح عوامی اعتماد بھی کم ہوا ہے عوام کے اذہان میں یہ سوچ قوی تر ہو رہی ہے کہ نظامِ انصاف میں طاقتور پر ہاتھ ڈالنے کی سکت ہی نہیں رہی اِس کی بڑی وجہ سیاسی معاملات میں بے جا دخل اندازی ہے عدالتوں کاکام انصاف کرنا ہے محاذ آرائی نہیں ملک کے 29ویں نئے چیف جسٹس سے توقع ہے کہ عوام میں عدالتی وقارکی بحالی اور 56 ہزارسے زائد زیرالتوا مقدمات کابوجھ کم کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سیاسی معاملات میں بے مقصد مداخلت سے گریز کی روش پر چلیں گے۔
عمر عطا بندیال نیک سیرت اور آئین و قانون کی پاسداری پر یقین رکھنے والے ایک انصاف پسند شخص ہیں مگر غیرضروری سیاسی معاملات ملوث ہونے سے اُن کاتشخص متاثرہوا کوئی لاکھ جواز پیش کرے کسی اور کا نہیں اِس میں اُن کااپنا قصور ہے اکُسانے والا نہیں نقصان کا ذمہ دار مداخلت کامرتکب ہی قرار پاتا ہے قومی اسمبلی میں عدمِ اعتماد کے ایا م میں اگر رات کو عدالتِ عظمیٰ نہ لگائی جاتی بلکہ مروجہ طریقہ کار کے مطابق مقدمہ سنا جاتا تو عدالتی وقار بھی بحال رہتا اور غلط و درست کی نشاندہی بھی ہو جاتی مگر بات یہاں تک ہی محدودنہ رہی پنجاب اسمبلی میں ووٹوں کی گنتی کے فیصلے سے بھی عدالتی وقار کو ٹھیس پہنچی اور ایسے تاثر نے جنم لیاکہ کوئی بھی روابط رکھنے والا شخص من پسند فیصلہ حاصل کر سکتا ہے پوری قوم نے پھر وہ وقت بھی دیکھا کہ عدالت پنجاب میں الیکشن کرانے کی تاریخ کا اعلان کرتی ہے لیکن الیکشن کمیشن سمیت کوئی اِدارہ عملدرآمدنہیں کرتا دراصل جب مخصوص کیس ہی فوری سنا جائے تو حکم عدولی کا امکان بڑھ جاتا ہے نئے چیف جسٹس کی اِس سے بڑھ کراورکیا خوش قسمتی ہوسکتی ہے کہ اُن کے خلاف ریفرنس بھجوانے والے صدر عارف علوی نے ہی منصب کا حلف لیا امیدِ واثق ہے کہ مروجہ طریقہ کار کی پاسداری کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گاتو آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہو گی۔
ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا مسئلہ ایسا نہیں جو حل نہ ہو مگر فیصلہ ٹھونسنے کا عمل شکوک وشبہات پیداکرتا ہے بظاہر حلقہ بندیاں اورانتخابی فہرستیں تیار کرنے کا عمل سُست روی کا شکارہے اِس سُست روی پر انگلیاں اُٹھنے سے روکنے کے لیے ہی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے عدالتیں بھی فیصلہ تو کردیتی ہیں لیکن عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں توہینِ عدالت جیسی کارروائی بھی نہیں کی جاتی یہ درست ہے کہ عدالت کے پاس اپنے فیصلوں پر عمل کرانے کے لیے اپنی طاقت ورفورس نہیں بلکہ ریاستی اِداروں پر انحصار کرنا پڑتاہے لیکن ایک طرف تو جلد بازی میں فیصلے کردیے جاتے ہیں اورجب فیصلوں پر عمل نہیں ہوتا تو چُپ سادھ لی جاتی ہے بہتر ہے عدالتِ عظمیٰ نہ صرف جلدبازی کے فیصلوں میں احتیاط برتے بلکہ عدم تعمیل پر توہینِ
عدالت کی کارروائی سے بھی دریغ نہ کرے تاکہ عدلیہ کی بالادستی قائم ہو۔ طاقتورنظامِ انصاف سے ہی معاشرتی خرابیوں کا خاتمہ ہوتاہے نئے چیف جسٹس کو پیشِ نظر رکھنا ہوگا کہ جہاں سیاسی لوگ بیٹھتے ہیں وہاں سیاسی باتیں لازمی ہوتی ہیں آئین کی سالگرہ کے موقع پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں جاکر انھیں اِس کا تلخ تجربہ ہو چکا لہٰذا بہتر ہے ججز غیرجانبدارانہ تشخص کی بحالی کو اولیت دیں اور جلدبازی نہیں انصاف کوترجیح دیں اِس طرح عدالتی فیصلوں پرعوامی اعتماد کی بحالی کا مقصدبھی حاصل ہو جائے گا۔
سبکدوش چیف جسٹس عمرعطابندیال نے رخصت ہونے سے قبل نیب ترامیم کے حوالے سے ایک تاریخی فیصلہ دیا جس پرعمل ہونے سے کرپشن میں ملوث کئی سیاسی عناصرسیاسی اکھاڑے سے بارہوسکتے ہیں کیونکہ اِس ایک فیصلے سے بظاہر 598 کرپشن کے کیس ازسر نو بحال ہو نے کا امکان ہے بلکہ تین درجن کے لگ بھگ ایسے بھی مقدمات ہیں جن میں ملک کے صفِ اول کے سیاستدانوں کے نام شامل ہیں مگر جیسا اوپر بیان کیا جا چکا کہ عدلیہ اور ریاست میں ٹکراؤ کی کیفیت سے ہی مطلوبہ مفید نتائج حاصل نہیں ہو سکتے نیز نیب ترامیم کالعدم ہونے کا عمل بھی آسان نہیں قومی احتساب بیورو کی طرف سے وضاحت آچکی ہے کہ نیب قوانین میں سابق حکومت کی طرف سے کی گئی ترامیم کے بعد جو مقدمات بند ہو چکے یا جن پر عدالتیں فیصلہ سنا چکی ہیں انھیں دوبارہ نہیں کھولیں گے مزید یہ کہ نیب اِس وقت انتظامی حوالے سے نامکمل ہے ڈپٹی چیئرمین اور پراسیکیوٹر جنرل جیسے اہم ترین عہدے ہنوز خالی ہیں امکان ہے کہ مذکورہ اہم عہدوں پر نئی تعیناتیوں تک کسی نوعیت کی پیش رفت مشکل ہے لہٰذا کہہ سکتے ہیں کہ دیگر کئی فیصلوں کی طرح سبکدوش چیف جسٹس کے آخری فیصلے پر بھی شاید ہی پیش رفت ہو ایسی افسوسناک صورتحال حددرجہ احتیاط کی متقاضی ہے جس سے بچنے کے لیے نئے چیف جسٹس کو حکمت وتدبر سے کام لینا ہو گا نیز ریاستی اِداروں کی عدلیہ سے روارکھی جانے والی عدم تعاون کی پالیسی کے خاتمے کی راہ ہموار کرنا ہوگی علاوہ ازیں ایک جماعت کی طرف سے ایسا تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے جیسے نئے چیف جسٹس کے منصب سنبھالنے پروہ اس لیے خوش ہیں کہ قیادت کو مقدمات سے ریلیف ملنے کاامکان ہے جو کسی طوربہتر نہیں یہ تاثر جتنی جلدی ممکن ہو ختم کرنے سے عدلیہ کے وقار میں اضافہ ہو گا۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر فل کورٹ بینچ تشکیل دینا اور عدالتی کارروائی سے آگاہ رکھنے کا عمل سنجیدہ فکر طبقے کے لیے باعثِ اطمینان ہے شروعات کو مدنظر رکھتے ہوئے امید کی جا سکتی ہے کہ نئے چیف جسٹس آئینی بحران کی راہ روکیں گے کیونکہ حکومت کی خواہش کے برخلاف انھوں نے میمو گیٹ سکینڈل میں ایک جرأت مندانہ فیصلہ دیا بعض قانونی ماہرین اِس طرف اِشارہ کرتے ہیں کہ نئے چیف جسٹس کی سربراہی میں فل کورٹ بینچ اگر سپریم کورٹ ایکٹ 2023کی سماعت کے دوران اِس حوالے سے ہونے والے فیصلوں کو معطل یا کالعدم قرار دیتا ہے تو عین ممکن ہے سبکدوش چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے قومی احتساب بیورو بارے کیا فیصلہ ختم کرنے کی راہ نکال کرہونے والی ترامیم کو من وعن بحال کردیاجائے ایسا ہونے کی صورت کچھ سیاسی حلقے خاموش نہیں رہیں گے اور عوام کوبھی اچھا تاثر نہیں جائے گا لہذا بہتر یہی ہے عدالتی تقسیم کا تاثر دور کرنے کے ساتھ غیر ضروری معاملات میں الجھنے سے پرہیز کیا جائے نئے چیف جسٹس نے ایسے حالات میں منصب سنبھالا ہے جب ملک میں ایسی قیاس آرائیاں عام ہیں کہ ملک میں انصاف کے سب سے بڑے اِدارے میں براجمان منصف بھی تقسیم ہیں نئے چیف جسٹس خود بھی 2019کے بعد سے کسی آئینی بینچ کا حصہ نہیں بنے جس کی وجہ عدلیہ میں تقسیم سمجھی جاتی ہے اِس لیے ایسے تاثر کے خاتمے سے عدالتی عزت ووقار میں اضافہ ہوگا تیرہ ماہ کے دوران نہ صرف چیف جسٹس نے انصاف کے تقاضے پورے کرنا ہیں بلکہ اِدارے میں اتفاق ویکجہتی کی فضا قائم کرنے کے ساتھ ملک میں شفاف طریقے سے انتخابی عمل مکمل کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت بھی کرنا ہے قوم کو نئے چیف جسٹس سے بڑی توقعات ہیں آیا وہ توقعات پرپورا اتریں گے؟اِس سوال کا وثوق سے جواب فوری طورپر دینا قدرے مشکل ہے عدالتی فیصلوں سے ہی حتمی رائے دینے میں آسانی ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.