مذہبی ،پردہ دار خاتون ہوں، سیاست سے تعلق نہیں، زلفی بخاری سے آڈیو لیک پر کارروائی سے روکیں: بشریٰ بی بی کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست
اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی اور سابق معاون خصوصی زلفی بخاری کی آڈیو لیک پربشری بی بی نے پولیس اور ایف آئی اے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ۔
بشری بی بی نے سردار لطیف کھوسہ کی وساطت سے دائر درخواست میں پیمرا کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ بشری بی بی کی درخواست کیساتھ میاں نجم الثاقب کیس میں جسٹس بابر ستار کے حکمنامے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
بشری بی بی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ گھر کی ٹیلیفون کی ریکارڈنگ کو غیر قانونی اور اختیار سے تجاوز قرار دیا جائے۔یہ بھی قرار دیا جائے کہ اس طرح کی ریکارڈنگ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ۔اس درخواست کے حتمی فیصلے تک فریقین کو بشری بی بی کیخلاف کسی بھی ایکشن سے روکا جائے۔
بشریٰ بی بی کا مزید کہنا ہے کہ من گھڑت اور بے بنیاد آڈیو کی بنیاد پر پولیس اور ایف آئی اے کی طرف سے ہراساں کیا جارہا ہے ۔ بے بنیاد آڈیو کو مختلف چینلز پر نشر کرکے مجھ سے منسوب کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ مبینہ آڈیوز کو چینلز پر بشری بی بی سے منسوب کرکے نشر کرنے سے بنیادی حقوق متاثر ہوئے ۔ مذہبی اور پردہ دار خاتون ہوں ، سیاست سے تعلق نہیں ۔
تبصرے بند ہیں.