اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ٹیکس، بجلی اور گیس چوروں کو دہشتگرد ڈیکلیئر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت تقریباً 2 ہزار 670 ارب روپے صرف ٹیکس کے مقدمے عدالتوں میں لٹکے ہوئے ہیں، ٹیکس، بجلی اور گیس کی چوری ہر سال کئی ہزار ارب روپے کی ہوتی ہے جس کا بوجھ عام آدمی اٹھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک مقروض اور دیوالیہ ہے، ہر قسم کے ریاستی وسائل کی چوری معاشی دہشت گردی کے زمرے میں آنی چاہیے، ٹیکس، بجلی اور گیس وغیرہ کے چوروں کو دہشت گرد ڈیکلیئر ہونا چاہیے اور یہ چور اس وقت مراعات یافتہ طبقے کا حصہ ہیں۔
اسوقت تقریبا 2670 ارب صرف ٹیکس کے مقدمے عدالتوں میں لٹکے ھوۓ ھیں۔ ٹیکس ،بجلی گیس کی چوری ھر سال کئی ھزار ارب کی ھوتی ھے۔ جس کا بوجھ عام آدمی اٹھاتا ھے۔ اور ملک مقروض اور دیوالیہ ھے ۔ ھرقسم کے ریاستی وسائل کی چوری معاشی دھشت گردی کے زمرے میں آنی چاہئیے اور ٹیکس بجلی گیس وغیرہ کے…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) September 7, 2023
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ جو حکومتی ملازمین چوری کی معاونت کرتے ہیں وہ بھی معاشی دہشت گرد ہیں ان کو عام قوانین کی بجائے دہشت گردی کے قوانین کا سامنا کرنا چاہیے ورنہ معاشی تباہی خدانخواستہ ہمارا مقدر بن جائے گی۔
واضح رہے کہ نگران وزیر اعظم کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے اس دوران لاہور میں سابق رکن قومی اسمبلی سمیت 300 سے زیادہ بجلی چوروں کے نام سامنے آئےجن کیخلاف 130 مقدمے درج کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کئی بجلی چوروں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے، پشاور میں بھی قانون حرکت میں آگیا جہاں بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جب کہ میرپور خاص، نواب شاہ، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈو الہ یار اور سندھ کے دیگر شہروں میں بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.