لاہور: پنجاب کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے کہا کہ دریائے ستلج میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے، گنڈا سنگھ والا کے علاقے اور اس کے پڑوسی علاقوں میں اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے گنڈا سنگھ والا کے گردونواح میں ممکنہ سیلاب کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گنڈا سنگھ والا اسٹیشن سے تقریباً 69 ہزار 220 کیوسک پانی گزر رہا ہے اوراگلے 24 گھنٹوں کے اندر سیلاب کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جو درمیانے درجے سے ممکنہ طور پر اونچی سطح تک بڑھ جائے گا۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق فیروز پور بیراج کے ذریعے ایک لاکھ کیوسک پانی پاکستان میں داخل ہوا جبکہ بھارت کے ہریکے بیراج سے ایک لاکھ 80 ہزار کیوسک اضافی پانی چھوڑا جائے گا۔
پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خطرہ ممکنہ طور پر اونچے درجے کے سیلاب کو متحرک کر سکتا ہے، جس سے اوکاڑہ، قصور، پاکپتن، بہاولنگر، وہاڑی، لودھراں، ملتان اور بہاولپور سمیت مختلف اضلاع پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو تباہی سے بچنے کے لیے ضروری تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے الرٹ کر دیا۔
مزید برآں، پی ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ دریائے ستلج پر ہریک ہیڈ ورک کے مقام پر سیلاب کی صورتحال خاصی شدید ہے۔ جس کے نتیجے میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جو فوری توجہ اور کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے۔ دوسری جانب فیروز پور ہیڈ ورک کے نشیبی علاقے بھی نچلے درجے کے سیلاب کا سامنا کر رہے ہیں۔
پنجاب کے ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے تمام متعلقہ حکام کے لیے ہائی الرٹ جاری کیا ہے اور اداروں اور افراد دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والے سیلاب سے ہونے والی ممکنہ تباہی کو کم کرنے کے لیے اپنے حصے کی ذمہ داری ادا کریں۔
پی ڈی ایم اے کے ڈی جی عمران قریشی نے متاثرہ اضلاع کے انتظامی حکام کو ہدایات جاری کر دیں اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کی فوری ہدایت بھی کر دی۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں اور بیراجوں کے ذریعے پانی کے بہاؤ کو چوبیس گھنٹے مانیٹر کرنے کے لیے کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔
ڈی جی عمران قریشی نے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ صورتحال کے مطابق سیلاب سے نمٹنے کے منصوبوں کا جائزہ لیں اور اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔
تبصرے بند ہیں.