سی پیک اور پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی: چین

45

بیجنگ: گوادر میں چینی انجینئرز کو نشانہ بنانے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

 

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے اپنی معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے کام جاری رکھے گا اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے مخلصانہ طور پر کام کرتا رہے گا۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ چین اور پاکستان کی دوستی اور سی پیک کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

 

واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 13 اگست کو چینی انجینئرز کے قافلے پر سڑک کنارے نصب بموں اور گولیوں سے حملہ کیا گیا  جس میں خوش قسمتی سے  کوئی چینی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

 

وانگ وین بن نے کہا کہ چینی فریق نے ان دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور پاکستانی فریق سے کہا ہے کہ وہ مجرموں کا احتساب کرے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی سفارت خانے اور قونصل خانے نے فوری طور پر ہنگامی ردعمل کے اقدامات شروع کر دئیے ہیں اور پاکستان میں منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں، کمپنیوں اور اداروں کو چوکس رہنے اور سیکیورٹی کو بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے، سیکیورٹی کی صورتحال پر قریبی نظر رکھنے، حفاظتی اقدامات کرنے کی یاد دہانی کرائی ہے۔

 

ترجمان نے کہا کہ چین پاکستانی فریق کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے اور ان کا مقابلہ کرنے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے کام جاری رکھے گا۔

تبصرے بند ہیں.