بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں آج یوم سیاہ منایا جائےگا

82

 

سرینگر:  بھارت کے یوم آزادی  پرکنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے۔

 

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آج جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے دی گئی کال پر مکمل ہڑتال کی جائے گی۔   جگہ جگہ سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے جبکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف  کنٹرول لائن کے دونوں جانب  مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے دنیا بھر میں بھارت مخالف مظاہرے کئے جائیں گے۔

 

جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ کشمیر پر بھارت کے جبری قبضے کے خلاف احتجاج کے طور پر بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔

 

انہوں نے بھارت کو غاصب قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس ملک نے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کیا اور ان کی مادر وطن پر قبضہ کر کے ان کی آزادی چھین لی اس کے پاس یوم آزادی منانے کا کوئی جواز نہیں۔

 

اتحاد المسلمین جموں و کشمیر کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے اور اسے کشمیر میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح عوام آج ہندوستان کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔

 

جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے اسلام آباد میں ایک بیان میں بھارت کے یوم آزادی کی تقریب خاص طور پر تنازعہ کشمیر کے تناظر میں منانے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں یوم آزادی منانا نامناسب اور غیر منصفانہ ہے۔ احمد بٹ کا نقطہ نظر انصاف کے اصولوں، بین الاقوامی قانون اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی نشاندہی کرتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.