اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف آج اسمبلی کی تحلیل کے لیے سمری صدر کو بھیجیں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہناہے کہ نگران وزیراعظم کیلئے ابھی تک کوئی نام شارٹ لسٹ نہیں ہوا، نوازشریف سے اس معاملے پر مشاورت ہو رہی ہے۔
شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ اجتماعی مشاورت سے ہوگا، مشاورت کے بعد جو نام سامنے آئے گا اس پر لیڈر آف اپوزیشن سے بات کروں گا۔ ہماری کوشش ہے کہ نگران وزیراعظم ایسا ہو جو قابل قبول ہو۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کی وزیر اعظم شہباز شریف سے آج ملاقات کریں گے۔ راجا ریاض کا کہنا ہے کہ ساتھیوں کے مشورے سے نگراں وزیراعظم کے لیے تین نام شارٹ لسٹ کر لیے ہیں۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کےبعد نام کا اعلان کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مردم شماری کو سی سی آئی میں متفقہ طور پر منظور کیا گیا، اب الیکشن کرانے کی ذمے داری چیف الیکشن کمشنر کی ہے،سب چاہیں گے کہ جتنی جلدی ہوسکے الیکشن ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بطور پارٹی صدر میں نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم کے امیدوار نوازشریف ہوں گے، وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ میری حکومت نے کوئی سروے نہیں کرایا، الیکشن میں عوام جو فیصلہ کریں گے اس کو قبول کریں گے، تمام پارٹیاں اپنا منشور عوام کے پاس لے کر جائیں گی ،جس کو عوام منتخب کریں گے اس کو حق ہوگا کہ ملک کے عوام کی خدمت کرے۔
تبصرے بند ہیں.